جی ڈی پی کیا ترقی کو ناپنے کا درست پیمانہ ہے؟

آسکر وائلڈ کہتا ہے کہ ایک نقاد وہ شخص ہوتا ہے جو ہر چیز کی قیمت جانتا ہے لیکن ایک چیز کی بھی قدر سے واقف نہیں. قیمت کو ایک عدد سے سمجھا جا سکتا ہے لیکن قدر کی سمجھ بعض اوقات ایک پورا تبصرہ مانگتی ہے. دولت اور قدر برابر نہیں ہوتے اور ہر جگہ قدر کو قیمت سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا ہے. آجکل ترقی یا اس کا نا ہونا بہت ہی زیر بحث موضوع ہے. ترقی کی فلسفیانہ بحث تو بہت پیچیدہ ہے اور بعض کے نزدیک تو ہم بحیثیت معاشرہ تنزلی کا شکار ہیں. لیکن کم از کم پاکستانی ٹاک شوز پر آنے والے ماہرین معاشیات اور دیگر صحافی صرف معاشی ترقی یا صرف جی ڈی پی گروتھ کو ہی ترقی کی مثال کے طور پر استعمال کرتے ہیں. گویا صرف قیمت کو قدر میں بدل دیتے ہیں. ماہر معاشیات ڈیوڈ پلنگ اپنی کتاب the growth delusion میں لکھتے ہیں کہ economic growth یعنی کہ معاشی بڑھوتری ایک fetish یا طلسماتی قوت بن چکی ہے جس کی قربان گاہ پر ہم سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں. ہر چیز کو اعداد میں بدلنے کے جنون نے معاشیات کو اصل زندگی سے دور کر دیا جس کی موجودہ مثال جی ڈی پی جیسے نمبرز ہیں. جی ڈی پی کیا ہے اور کس وجہ سے معیشت کو ناپنے کا یہ پیمانہ مقبول ہوا، جانے بغیر ہم نہیں سمجھ سکتے کے یہ ‘ماہرین معاشیات’ کیا بات کر رہے ہیں.

بیسویں صدی تک معاشیات کا شعبہ باقی سوشل سائنسز کی طرح مفروضے اور اس کو reasons کے ذریعے ثابت یا غلط ثابت کرنے کے دلائل پر مشتمل تھا. کارل مارکس کی شہرہ آفاق کتاب ‘داس کیپیتال’ اس کے نظریات مفروضات اور دلائل پر مشتمل ہے. جنگ عظیم دوئم کے دوران ملکی معیشت کو ناپنے کی ضرورت آن پڑی تاکہ دشمن کی بمباری سے معیشت پر ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا سکے اور اپنی جنگی استعداد یا war potential کو ہر وقت معلوم کیا جا سکے. اسی کوشش میں سائمن کزنیٹس نامی ایک روسی نژاد امریکی ماہر معیشت کے 1934 میں تجویز کردہ گراس ڈومیسٹک پراڈکٹ یا جی ڈی پی کو مرکزی مقام حاصل ہو گیا. جنگ جنگ عظیم دوئم کے بعد مشہور امریکی تھنک ٹینک RAND کارپوریشن کی کاوشوں کی وجہ سے نہ صرف معاشیات میں ریاضی کے استعمال میں اضافہ ہوا بلکہ معاشیات کو سوشل سائنسز کی ملکہ کی حیثیت حاصل ہو گئی. اور پھر اس سے پالیسی تجزیہ Policy analysis کا شعبہ وجود میں آیا جس نے گورنمنٹ کو چلانے میں مرکزی مقام حاصل کر لیا اور ماہرین معاشیات انتہائی اعلیٰ عہدوں پر فائز ہو گئے. دوسرے مضامین جیسا کہ عمرانیات sociology ، نفسیات اور انتھروپالوجی وغیرہ جو انسانی تہزیب اور تمدن کو سمجھنے اور بہتری لانے میں میں انتہائی اہمیت کے حامل تھے ، اس دوڑ میں پیچھے رہ گئے اور ان کی تجاویز کو ثانوی حیثیت حاصل ہو گئی. ماہرین معاشیات کی بنائی ہوئی پالیسیوں نے نہ صرف معیشت کہ دھارے کا رخ اپنے نظریات کی روشنی میں موڑ دیا بلکہ اس کی نتیجے میں پوری تہزیب و تمدن تبدیل ہونا شروع ہو گئی. کی ڈی پی کسی قوم کی مجموعی دولت ناپنے کا پیمانہ ہے اور اگر کچھ لوگ بہت امیر ہو جائیں اور باقی غریب تر، پھر بھی یہ بڑھتا دکھائی دے سکتا ہے اور پوری دنیا میں بڑھتی ہوئی معاشی عدم برابری یا inequality اسی کی مرہون منت ہے.

جی ڈی پی ایک قوم کے اخراجات، گورنمنٹ کے اخراجات، سرمایہ کاری اور تجارتی توازن کو ایک فارمولے کے تحت ایک نمبر میں تبدیل کرنے سے حاصل ہوتا ہے. سائمن کزنیٹس خود ہمیشہ کہتے رہے کہ میرا بنایا ہوا نمبر صرف معاشی حرکت کو پڑھتا ہے اور مجھے خطرہ ہے کہ لوگ اسے انسانی ترقی کا نمبر سمجھنا شروع کر دیں گے اور وہی ہوا. انتہائی پیچیدہ معاشی سسٹم میں ہر چیز کو ناپ کر قیمت تو نہیں لگائی جا سکتی لیکن جن کی لگائی جا سکتی ہے تو ان کی لگا کر باقی کو نظرانداز کر کے ماہرین معاشیات نے جی ڈی پی کی بنیاد رکھی تھی. جی ڈی پی پر شروع سے بہت سارے قابل ماہرین معاشیات اور بہت سارے ماہرین حقوقِ نسواں تواتر سے اعتراض کر رہے ہیں کہ اس نمبر میں دو بڑی خامیاں ہیں. ایک کہ یہ ماحول پر کوئی توجہ نہیں دیتا اور دوسرا یہ کہ یہ گھر میں کیے گئے کام جو عمومی طور پر عورتیں کرتی ہیں، کو نظرانداز کر دیتا ہے. کچھ ماہرین معاشیات کے نزدیک انتہائی پیچیدہ معاشی نظام کو ایک رقم سے بیان نہیں کیا جا سکتا اور یہ پوری کوشش ہی ناقص ہے اور بہت زیادہ نقصان پہنچا رہی ہے. لیکن معیشت کی عالمی اسٹیبلشمنٹ جیسا کہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف ابھی تک یہ ماننے کو تیار نہیں اور وہ معاشی پالیسیوں کو جی ڈی پی کو ٹارگٹ بنا کر ترتیب دینے پر زور دیتے ہیں.

ہم آئے روز یہی بات سنتے ہیں کہ وہ قوم یا ملک ترقی نہیں کر سکتا جس کی خواتین لیبر فورس میں نہ ہوں. مثالیں بہت دی جاتی ہیں جیسا کہ بنگلہ دیش کی ترقی کا راز ان کی عورتوں کا گارمنٹس انڈسٹری میں کام کرنا ہے وغیرہ. عورتوں کے لیبر فورس میں شامل ہونے سے بنگلہ دیش کا جی ڈی پی تو بڑھ رہا ہے لیکن اکانومسٹ جریدے کے مطابق طلاق کی شرح بہت زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے. وہ مزید کہتا ہے کہ پہلے عورتیں نوکری کرتی ہیں پھر ان جو “آئیڈیاز” آتے ہیں. ساتھ ہی وہ اس بڑھتی شرح طلاق کو “اچھی” چیز قرار دیتا ہے کہ بنگلہ دیش کی عورتیں تیزی سے لبرل ہو رہی اور وہ ایسی شادیوں کو چلانے میں دلچسپی نہیں رکھتیں جن میں وہ “مطمئن” نہیں ہیں. خاندان اور بچوں کی خاطر گذارہ اور مفاہمت کا جو مشورہ ہمارے بڑے دیتے تھے، شاید اب غلط سمجھا جاتا ہے. پہلے صرف طلاق کی وجہ مرد کا مار پیٹ کرنا یا کردار کی خرابی ہونا ہوتا تھا اب صرف “مطمئن” نہ ہونے پر طلاق لے لی جاتی ہے. جانے کون اس مادی دنیا میں مادہ پرستی کی دوڑ میں مطمئن رہ سکتا ہے چاہے وہ شادی شدہ ہو یا طلاق یافتہ. گھر کی عورت زمانہ قدیم سے لیبر فورس میں ہے لیکن وہ پیسے کمانے کی بجائے بچا رہی ہے جو کہ جی ڈی پی میں شامل نہیں کیا جاتا. بزرگوں کا خیال، بچوں کا پالنا، کھانا پکانا، گھرداری، کپڑے سینا سب کام ویلیو یا قدر بناتے ہیں لیکن جی ڈی پی کا زور صرف تنخواہ کما کر لانے پر ہوتا ہے. اگر یہ کام پیسے دے کر کروانے پڑ جائیں تو تب اندازہ ہو کہ گھر میں کام کرنے والی سُگھڑ خواتین کتنی بڑی معاشی ذمہ داری سرانجام دے رہی ہیں. اب چونکہ جی ڈی پی اس کام کی قدر کو حساب میں نہیں لاتا تو اگر عورت اپنے گھر کام کرتی ہے تو جی ڈی پی پر کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اگر دوسرے کے گھر کام کرے گی تو تنخواہ لے گی اور جی ڈی پی بڑھے گا. یہ مسئلہ دراصل قیمت اور قدر کے فرق کا ہی ہے. حالات تو تقریباً ایک جیسے رہیں گے لیکن ملک ‘ترقی’ کر رہا ہو گا. جی ڈی پی بڑھانے کی کوشش میں ماہرین معاشیات نے دوسری جنگ عظیم کے بعد ایسی پالیسیاں ترتیب دیں جنہوں نے عورت کو گھر سے باہر نکل کر نوکری اور تنخواہ یا کیش منافع کمانے کی ترغیب دی اور consumerism کو فروغ دیا. نتیجے میں مغرب میں فیملی کا یونٹ بالکل تباہ ہو چکا ہے اور اب مشرق بھی اسی روش پر چل نکلا ہے. جی ڈی پی ضرور بڑھائیں لیکن ایسی پالیسیوں سے نہیں کہ جن کے ذریعے بڑھاتے بڑھاتے مغرب، جاپان اور کوریا والا حشر ہو جائے جہاں فیملی، شادی اور بزرگوں کے خیال کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے.

جی ڈی پی کے نقائص کی اور بہت سی مثالیں ہیں. اگر آپ کم کماتے ہوں لیکن بچت کر کے تھوڑے میں گزارہ کر لیں تو جی ڈی پی کم ہو گا لیکن اگر آپ دن رات اندھا کام کر کہ زیادہ کمائیں اور برانڈڈ کپڑے خریدیں، اچھی گاڑی چلائیں اور باہر مہنگا کھانا کھائیں تو جی ڈی پی بڑھے گا. حتیٰ کہ آپ بنک سے قرضہ لے کر پیسہ اُڑائیں تو بھی جی ڈی پی بڑھتا ہے. اسی وجہ سے جی ڈی پی تو سنگاپور کا بہت زیادہ ہے لیکن میاں بیوی دن رات کام کر کے بھی بچے افورڈ نہیں کر پاتے. سیلاب آنے کی صورت میں انفراسٹرکچر تباہ ہونے سے جی ڈی پی کم نہیں ہو گا بلکہ دوبارہ تعمیراتی کام سے بڑھے گا. نیو یارک ٹائمز نے ایک کارٹون شائع کیا جو زیادہ جی ڈی پی شخص اور کم جی ڈی پی شخص کی عکاسی کرتا ہے. زیادہ جی ڈی پی شخص زیادہ کماتا ہے اور زیادہ خرچ کرتا ہے اور کم جی ڈی پی شخص کم کماتا ہے اور مختلف طریقوں سے بچت کر کہ گزارہ کرتا ہے جیسا کہ ہیٹر آن کرنے کی بجائے جرسی پہن لے، آیے سی آن کرنے کی بجائے صحن میں سو لے، باہر کھانا کھانے کی بجائے گھر میں پکا لے وغیرہ وغیرہ. اب اخبار یہ کہتا ہے کہ معاشی طور پر تو زیادہ جی ڈی پی شخص بہتر ہے لیکن کیا وہ کم جی ڈی پی شخص سے بہتر زندگی گزار رہا ہے؟ یہ ایک سوالیہ نشان ہے جس کا جواب شاید نفی میں ہے. ماحول کی تباہی کا جی ڈی پی پر کوئی اثر نہیں پڑتا لہذا گورنمنٹ اور پالیسی ساز ماہرین معاشیات اس پر کم ہی توجہ دیتے ہیں. بنگلہ دیش جس کی مثال ہم ہر وقت سنتے ہیں کا زیر زمین پانی آرسینک سے شدید آلودہ ہو چکا ہے اور بہت بڑی تعداد میں اموات اسی وجہ سے ہو رہی ہیں لیکن جی ڈی پی تو بڑھ رہا ہے. پاکستان بھی ماحول کی تباہی میں کچھ پیچھے نہیں اور اگر ماحول کی قیمت لگائی جا سکے (جس پر بہت سے ماہرین معاشیات کام کر رہے ہیں) تو شاید دنیا دراصل تنزلی کا شکار ہی دکھائی دے گی.

1974 میں ماہر معاشیات رچرڈ ایسٹرلن نے اس معمے پر کام کیا کہ اگرچہ امیر ملکوں کی عوام زیادہ مطمئن ہوتی ہے، لیکن بڑھتی ہوئی خوشحالی عوام کو زیادہ اپنی زندگی سے خوش نہیں کرتی. چین کی جی ڈی پی کی شرح نمو کی مثال ہمارے موجودہ وزیر اعظم بھی دیتے ہیں، لیکن اقوام متحدہ کی عالمی خوشی سروے کے مطابق چین میں خوش رہنے کی سطح غربت کے پرانے دور سے نیچے چلی گئی ہے اور روس اور حتی کہ جنگ سے تباہ شدہ لیبیا سے بھی نیچے. چین کا جی ڈی پی 1990 سے اب تک فی کس پانچ گنا بڑھ چکا ہے لیکن خوشی ناپنے کے سروے اس کا لیول 1990 سے نیچے بتا رہے ہیں. ماہرین معاشیات تو کہتے ہیں کہ سیاحت کو فروغ دینے سے ملک ترقی کرتا ہے (جی ڈی پی بڑھتا ہے) لیکن بھوٹان جیسے چھوٹے سے ملک نے سیاحت پر پابندی لگا رکھی ہے جو کہ ماحول کو تباہ کرتی ہے اور رہنے والوں کا خوشی کا لیول نیچے لے جاتی ہے. جسے ماہرین معاشیات خوشحالی کہتے ہیں وہ مادی بہتر حالی تو ہوتی ہے لیکن روحانی و ذہنی مسائل پیدا کر کے خوش نہیں رہنے دیتی.

.موقر انگریزی جریدہ دی اکانومسٹ بھی اپنے جون 2018 کے شمارے میں جی ڈی پی پر شدید تنقید کرتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ ان مسائل کا فوری حل کیا جائے ورنہ جی ڈی پی کی بنیاد پر تیار کئے گئے حل عوام کیلئے مزید مشکلات کا ہی باعث بنیں گے. اکانومسٹ مزید کہتا ہے کہ نقادوں کی طرح ماہرین معاشیات بھی سمجھتے ہیں کہ چیز کی صرف قیمت جاننا کافی ہے لیکن یہ سوچ ان کے نتائج کو غلط طرف دھکیل دیتی ہے اور ان کے دیے گئے حل، انسانیت کے مسائل سے مطابقت چھوڑ جاتے ہیں اور مزید مسائل کا باعث بنتے ہیں. اب ہمارے پالیسی سازوں اور ٹاک شوز ماہرین معاشیات کو بھی چاہیے کہ وہ تصویر کا ہر رخ بیان کریں نہ کہ صرف جی ڈی پی کی پوجا کرتے کرتے ہمیں تباہی کے دہانے پر پہنچا دیں. جی ڈی پی بڑھانا غلط نہیں لیکن اس میں وہ پالیسیاں استعمال کریں جو دوسری طرف سے نقصان نہ پہنچائیں جسے جی ڈی پی ناپ نہیں ریا. ابھی بھی خاندانی اقدار اور بچت کی عادات کی وجہ سے ہم مغرب کی تباہی تک نہیں پہنچے لیکن اگر بغیر سوچے سمجھے ہم اس راستے پر چلتے گئے تو سب چیزوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے اور ترقی ایک سراب کی مانند دود سے دور بھاگتی جائے گی.

بوئنگ سیون تھری سیون میکس کے اوپر تلے حادثات اور سنگین انکشافات کا سلسلہ

بوئنگ سیون تھری سیون 737 کو بوئنگ کمپنی کا سب سے کامیاب اور منافع بخش جہاز مانا جاتا ہے. اسے ساٹھ کہ دہائی میں ڈیزائن کیا گیا اور اب تک دس ہزار سے زائد جہاز بنائے جا چکے ہیں. اس طرح یہ ہوابازی کی تاریخ کا سب سے زیادہ بکنے والا جیٹ جہاز ہے. تنگ باڈی narrow body کی قسم میں اس کا مقابلہ ائیربس کمپنی کے جہاز A320 سے ہے جو کہ سن اسی کی دہائی میں ڈیزائن کیا گیا اور اب تک اس قسم کے آٹھ ہزار سے زائد جہاز بنائے جا چکے ہیں. سیون تھری سیون کا جدید ترین ماڈل سیون تھری سیون میکس ہے جس کے تقریباً ساڑھے تین سو جہاز بنائے جا چکے ہیں اور تقریباً پانچ ہزار اور جہازوں کے آرڈر بوئنگ کو مل چکے ہیں اور بوئنگ کمپنی کی اس جہاز سے بہت زیادہ منافع کی امید تھی اور پانچ مہینوں کے وقفے میں دو بالکل نئے جہازوں کے حادثات میں جن میں کئی سو قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، اس جہاز، بوئنگ کمپنی اور اس سے جڑی امریکی معیشت تک کیلئے نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں.

بڑے کمرشل جہاز بنانے کی دنیا میں دو ہی کمپنیاں ہیں، بوئنگ اور ائیربس. ان کمپنیوں کا مقابلہ کرنے میں، باوجود بے تحاشا کوشش اور بے دریغ پیسا بہانے کے،چین ابھی تک اس مارکیٹ میں گھسنے میں ناکام ہے. (شاید ایک دہائی تک چین اپنا حصہ بنا لے لیکن ابھی تک تو کامیابی نہیں ملی). اس کی وجہ ان کمپنیوں کا سسٹمز انجینئرنگ Systems Engineering کے میدان میں تجربہ ہے جو مختلف انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کو ملا کر انتہائی پیچیدہ سسٹمز بنانے کی صلاحیت ہے. سسٹمز انجینئرنگ کا تجربہ وقت اور غلطیوں کے ساتھ ہی ادارے حاصل کرتے ہیں اور اس کا کوئی شارٹ کٹ نہیں. دونوں کمپنیوں کو اپنی حکومتوں کی مکمل پُشت پناہی حاصل ہے اور ان پر پیسہ لگانے میں کمانے سے زیادہ فیلڈ پر گرفت مقصود ہوتی ہے اور ان کی ریسرچ سے نکلنے والی ٹیکنالوجی سے بالواسطہ آمدنی بظاہر ہونے والے نقصان کو بھی پورا کر دیتی ہے. جیسا کہ انٹی لاک بریک جو گاڑیوں میں اب بنیادی حصہ ہے، پہلے جہازوں کیلئے بنائی گئی تھی. ان کے بڑے سودوں میں ملکوں کے سربراہان براہ راست شامل ہوتے ہیں اور یہ سودے ملکوں کے بیچ میں سفارتکاری کا حصہ ہوتے ہیں. جہاز سازی اور ہوابازی کی صنعت حفاظت safety کے بنیادی اصول پر کھڑی ہے اور اسی وجہ سے ہوائی جہاز کا سفر شماریاتی طور پر محفوظ ترین سفر بن چکا ہے. ان دونوں حادثات کی تحقیقات میں روز نت نئے انکشافات ہو رہے ہیں جو کہ اس اعتماد کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں جو جہاز سازی اور ہوابازی کی صنعت نے بڑی محنت سے قائم کیا تھا.

اب تک کی اطلاعات کے مطابق ایتھوپین ائرلائن کا جہاز تقریباً اسی وجہ سے گرا جس وجہ سے پانچ مہینے پہلے لائن آئر انڈونیشیا کا جہاز پرواز کے کچھ ہی دیر بعد سمندر میں جا گرا تھا. دونوں جہاز بار بار اوپر اور نیچے ہوتے رہے اور تھوڑی دیر میں کنڑول سے باہر ہو کر سمندر اور زمین سے جا ٹکرائے. دونوں کے پائلٹوں نے جہاز آؤٹ آف کنٹرول ہونے کے پیغام کنٹرول ٹاور کو دیے اور واپسی کی کوشش کی. دوسرے حادثے کے بعد سب سے پہلے چائنہ نے اس جہاز کو گراونڈ کیا اور بادل نخواستہ امریکہ نے سب سے آخر میں، جب کہ عمومی طور پر دنیا امریکہ کی پیروی کرتی ہے. اب تین سو چھہتر جہاز پوری دنیا میں مجبوراً زمین پر کھڑے کر دیے گئے ہیں کہ جب تک تحقیقات مکمل نہ ہو جائیں اور اس بات کا یقین نہ ہو جائے کہ جہاز کے ڈیزائن میں کوئی مسئلہ نہیں یا مسئلہ کا حل دریافت کر کے انہیں ٹھیک نہ کر دیا جائے. بوئنگ کمپنی ابھی تک بیان دے رہی ہے کہ انہیں اپنے جہاز پر مکمل اعتماد ہے لیکن دنیا کا اعتماد متزلزل ہو چکا ہے. ایتھوپین ائرلائن نے تو اپنے تباہ شدہ طیارے کے بلیک باکس کو امریکہ کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا اور اس کو تجزیہ کیلئے فرانس بھجوا دیا کیونکہ ہر طرف بوئنگ کمپنی اور جہاز کو اڑنے کی اجازت دینے والے ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن FAA پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ شاید ڈیزائن میں کچھ مسئلہ تھا اور کس طرح بوئنگ نے اس کو بنایا اور کس طرح ایف اے اے نے اسے اڑنے کی اجازت دی.

کہانی کچھ یوں شروع ہوتی ہے کہ دو ہزار گیارہ میں بوئنگ ایک نیا تنگ باڈی والا جہاز بنانے کا سوچ رہا تھا جو سیون تھری سیون کی جگہ لے سکے.اس سے پہلے، ائیربس نے بجائے نیا تنگ باڈی والا جہاز بنانے کے، موجودہ A320 پر ہی بڑے ساٹز کے لیکن کم تیل خرچ کرنے والے انجن لگا کر کچھ تبدیلیوں کے ساتھ A320 neo یعنی (new engine option) کو جب دو ہزار نو میں پیش کیا تو بوئنگ کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس کا مذاق اُڑایا اور کہا کہ بڑے انجن لگانے سے اس کی اڑان تبدیل ہو جائے گی اور بہت کام کرنا پڑے گا اور شاید کبھی یہ ایک کامیاب طیارہ نہ بن سکے. بہتر ہے کہ ائیربس نیا جہاز ڈیزائن کرے لیکن A320 neo بہت کامیاب ہوا اور ائرلائنز نے بوئنگ پر پریشر ڈالا کہ وہ مقابلے میں اپنا کم فیول کھانے والا جہاز پیش کرے ورنہ وہ ائیربس کو اپنے آرڈر دے دیں گے. مجبوراً مقابلے میں بوئنگ نے دو ہزار گیارہ میں اعلان کیا کہ وہ بھی سیون تھری سیون میں بڑے انجن لگا کر سیون تھری سیون میکس جہاز بنائے گا کیونکہ نئے جہاز کو ڈیزائن اور تیار کرنے میں دس برس تک لگ جائیں گے اور بوئنگ کمپنی مارکیٹ میں اپنے کافی بڑے حصہ سے ہاتھ دھو بیٹھے گی. سیون تھری سیون میکس میڈیا رپورٹس کے مطابق انتہائی جلدی اور پریشر میں ڈیزائن کیا گیا اور بہت ہی فاسٹ ٹریک پر اسے ایف اے اے نے پاس کیا اور صرف چار سال بعد، دو ہزار پندرہ میں پہلے سیون تھری سیون میکس نے پرواز کی. ائرلائنز کو یہ طیارہ بھی بہت پسند آیا اور اس کے پانچ ہزار سے زائد آرڈر بوئنگ کو مل چکے ہیں. بوئنگ کمپنی کو اس جہاز سے بہت زیادہ منافع کی توقع ہے.

اب حادثات کے بعد بات نکلی ہے کہ سیون تھری سیون جس زمانے میں ڈیزائن کیا گیا، اس وقت ایئرپورٹ پر گاڑی والی سیڑھیاں نہیں تھیں اور جہاز کی باڈی زمین سے بہت نزدیک رکھی گئی تھی تاکہ اندر سے سیڑھیاں باہر نکالی جا سکیں. لیکن دو ہزار گیارہ میں یہ مسئلہ تو نہیں تھا لیکن ڈیزائن کی اس وقت کی ضرورت، اب کا مسئلہ بن گیا تھا کیونکہ بڑے انجن اس کے پروں کے نیچے فٹ نہیں ہو سکتے تھے. A320 چونکہ سن اسی کی دہائی کا ڈیزائن شدہ تھا لہذا اس کو بنانے میں زمین کے ساتھ رکھنے کا کوئی خیال نہیں کیا گیا تھا اور اس میں انجن فٹ کرنا کوئی بڑا مسئلہ نہیں بنا. بوئنگ کی پشین گوئی ائیربس کے بر عکس، اپنے لیے ہی درست ثابت ہوئی اور بڑے انجن لگانے کیلئے انجینئرز نے ان کو پروں کے نیچے تھوڑا آگے اور اوپر کر کے لگایا جس سے اس کی اڑان میں فرق پڑا اور اس کو ٹھیک کرنے کیلئے Nose Gear کو تھوڑا اوپر کی طرف کرنا پڑا. بات یہیں ختم نہ ہوئی بلکہ ٹیسٹ میں بوئنگ کو معلوم ہوا کہ کچھ حالات میں تیز رفتاری میں جہاز کا منہ اس کے بڑے انجن اور Nose Gear کی وجہ سے خطرناک حد تک اوپر ہو سکتا ہے اور جہاز بے قابو ہو سکتا ہے. اس خطرے کا سدباب کرنے کیلئے ایک MCAS Maneuvering Characteristics Augmentation System کے نام کا سافٹ وئیر انسٹال کیا گیا جو اس خطرے کے وقت جلدی سے جہاز کا منہ، پائلٹ سے پوچھے یا بتائے بغیر ہی اسے نیچے کر دیتا ہے. طیارے کو ائرلائنز کیلئے پرکشش بنانے کیلئے اس کے کاک پٹ کو بالکل سیون تھری سیون جیسا بنایا گیا تھا تاکہ پائلٹوں کو تربیت دینے کا کوئی خرچہ نا کرنا پڑے. اس خیال سے کہ اس سافٹ وئیر کے استعمال کی شاذونادر ہی ضرورت پڑے گی، اس کا مینؤل میں پائلٹوں سے ذکر ہی نہ کیا گیا. لیکن اس کام نے عملی طور پر جہاز میں ایک ایمرجنسی پائلٹ چھپا کر بٹھا دیا جس کا پائلٹوں کو علم ہی نہ تھا. سونے پر سہاگہ،اس سافٹ وئیر کو جہاز کے زاویہ ناپنے والے دو میں سے صرف ایک ہی سنسر sensor سے منسلک کیا گیا جس کے خراب ہونے کی صورت میں یہ حرکت میں آ سکتا تھا اور شاید دونوں مرتبہ یہی ہوا. اس سافٹ وئیر نے جہاز کا منہ سنسر کی غلط ریڈنگ پر اچانک نیچے موڑ دیا. پائلٹ نے فورا جہاز کو اوپر کی طرف کھینچا لیکن اس سافٹ وئیر نے پائلٹ ایکشن کی پرواہ نہ کی اور پھر نیچے کر دیا. یہ سلسلہ چار سے پانچ مرتبہ چلا اور لائن ائر کے پائلٹ نے آخرکار جہاز کنٹرول میں کر لیا لیکن بہت دیر ہو چکی تھی اور جہاز پانچ سو میل کی رفتار سے پانی سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا. اس کُشتی میں پائلٹ سمجھ ہی نہ پائے کہ اصل ماجرا کیا ہے. حال ہی میں Simulator ٹیسٹنگ کے دوران پائلٹس کو اندازہ ہوا کہ یہ سوفٹ ویر کس قدر طاقتور ہے کہ اگر چالیس سیکنڈ کے اندر اندر پائلٹس معاملہ کو سمجھ کر دو سوئچ آف نہ کرے تو پھر جہاز کو بچایا نہیں جا سکتا. آخری لمحات میں لائن ائیر کا ایک پائیلٹ تیزی سے پائلٹ مینؤل کے صفحات پلٹ رہا تھا کہ سمجھ سکے کے آخرکار یہ کیا ہو رہا ہے. دوسرے حادثے میں تو پائلٹس کو اس بارے میں معلوم تھا لیکن باقاعدہ ٹریننگ ابھی تک نہیں دی گئی تھی اور شاید اسی طرح جہاز آؤٹ آف کنٹرول ہو گیا. ایتھوپین ائرلائن کے ملبہ میں جہاز کے پچھلے پر اسی طرح اوپر کو مڑے پائے گئے ہیں جیسا کہ یہ سافٹ ویئر جہاز کو منہ نیچا کرنے کیلئے کر دیتا ہے.

پہلے حادثہ کے بعد بوئنگ کمپنی پائلٹوں کی ایسوسی ایشن کی شدید تنقید کی زد میں آئی کیونکہ اس سافٹ ویئر کا عمل پائلٹ کی بنیادی تربیت اور جبلت کے برعکس تھا اور بغیر کسی ٹریننگ کے، اتنی جلدی پائلٹ کیلئے مسئلہ سمجھ کر اس سافٹ وئیر کو بند کرنا عملاً ممکن نہ تھا. لیکن بات چیت کا رخ لائن ائیر کی مرمت کے نظام کی طرف موڑ دیا گیا کہ ایک دن پہلے بھی جہاز آؤٹ آف کنٹرول ہوا تھا لیکن پائلٹ نے سنبھال لیا تھا اور اس سینسر کی مرمت بھی کی گئی لیکن طیارہ کو پھر اگلی صبح پرواز پہ روانہ کر دیا گیا. لیکن اب دوسرے حادثہ کے بعد بوئنگ کمپنی کیلئے بات کو دوسری طرف موڑنا ممکن نہ رہا. اب یہ بات بھی میڈیا میں آئی ہے کہ ایف اے اے کے سیفٹی انسپکٹر بوئنگ کمپنی کے سخت پریشر میں تھے اور جہاز کے ڈیزائن کے حفاظتی چیک، وقت بچانے کیلئے بوئنگ نے خود کر کے صرف ان سے دستخط کروا لیے. اب بتایا جا رہا ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے یہ پریکٹس امریکہ میں کافی عرصے سے جاری ہے. اب امریکی میڈیا اس بات پر حیران ہے کہ ایک طیارہ ساز کمپنی خود سے ہی اپنے طیاروں کو چیک کر کے اوکے کیسے دے سکتی ہے یہ تو ایسا ہی ہے جیسے کہ ہمارے ہاں سارا فارم فیکٹری والے خود بھرتے ہیں اور پیسے لے کر سینڑی انسپکٹر صرف دستخط کر دیتا ہے اور شور مچنے پر فنڈز اور عملہ کی کمی کا رونا رویا جاتا ہے. یہ تیسری دنیا میں تو سُنا جاتا تھا لیکن ترقی یافتہ ممالک میں ایسی مثالیں کم ہی ملتی تھیں. کرپشن کی چہ میگوئیاں بھی ہو رہی ہیں لیکن وہاں عمومی طور پر پہلے چیز کو نااہلی کے زُمرے میں ڈالا جاتا ہے چہ جائیکہ کرپشن کا کوئی ٹھوس ثبوت نہ مل جائے، گو ہمارے ہاں تو پہلا شک ہی کرپشن کا جاتا ہے. پھر یہ رپورٹ بھی آئی کہ اس سسٹم کے نقص ہونے پر ایک الارم سسٹم بھی بنایا گیا تھا جو کہ لازمی کی بجائے اختیاری قرار دے کر علیحدہ پیسوں پر بحیثیت اضافی چیز آفر کیا گیا جو کہ امریکی آئر لائنوں نے تو اپنے جہازوں میں لگوا لیا لیکن سستی ائرلائنز جیسے لائن اور ایتھوپین نے بچت کی خاطر نہیں خریدا. اب اسے لازمی قرار دے کر ہر جہاز میں فٹ کیا جائے گا اور سوفٹ ویر میں بھی تبدیلی کی جا رہی ہے کہ وہ پائلٹ کے ساتھ بار بار کُشتی نہ کرے اور ایک کی بجائے دونوں سینسروں سے ڈیٹا لے (سوالات یہ اُٹھائے جا رہے ہیں کہ پہلے کیوں نہ کیا گیا اور خطرات کا تجزیہ جو سسٹمز انجینئرنگ کا ایک لازمی جُزو ہے، میں صرف ایک سنسر ہر انحصار کو کیوں نظرانداز کر کے جہاز کو اڑنے کا سرٹیفیکیٹ دے دیا گیا). مجھے اس پر سوزوکی مہران کا ایک بروشر یاد آ گیا جس میں سیٹ بیلٹس کو ایکسٹرا قرار دے کر صرف مہنگی والی VXR ماڈل میں اگلی دو سیٹوں پر لگایا گیا تھا. اب بظاہر تو لوگ اُمید رکھتے ہیں کہ امریکی بوئنگ کمپنی پاکستان کی سوزوکی سے بہتر ہو گی لیکن شاید پیسوں کی بچت جب ترجیح بن جائے تو بڑی بڑی کمپنیاں ایسی حرکات شروع کر دیتی ہیں. اب معلوم ہو رہا ہے کہ ایف اے اے کے اہلکار بوئنگ کے دفتر میں ہی بیٹھتے تھے اور ان کے بوئنگ کے ساتھ بڑے زبردست اور دوستانہ تعلقات بن چکے تھے اور بوئنگ ان کے اخراجات بھی اُٹھا رہی تھی اور تحفے تحائف اور سیروتفریح بھی کروا رہی تھی. کچھ پاکستان جیسا ہی ماحول بن رہا تھا ریگولیٹر اور کمپنیوں کے بیچ میں. لگتا ہے کہ بجائے ہم ان سے کچھ سیکھیں، وہ ہم سے سیکھ رہے ہیں. بقول فہمیدہ ریاض کے؛ تم بالکل ہم جیسے نکلے، اب تک کہاں چھپے تھے بھائی؟

لائن ائیر اور بوئنگ پھر خبروں میں آ گئیں، جب لائن ائر نے متاثرین کو معاوضہ دینے کی شرط پر ان سے قانونی کاغذات پر دستخط کروا لیے کہ وہ نہ صرف لائن ائیر بلکہ بوئنگ اور اس سے متعلقہ کمپنیوں پر کوئی ہرجانے کا دعویٰ نہیں کریں گے جو کہ انڈونیشیا کے قانون کے مطابق غیر قانونی عمل تھا اور معاوضے کی رقم بھی بین الاقوامی قوانین کے مطابق کم سے کم تھی. اس بات پر کافی شوروغل برپا ہوا کہ بوئنگ کمپنی لائن آئر کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے معاملہ رفع دفع کرنا چاہتی ہے اور صرف وقت کے انتظار میں ہے کہ لوگوں کی توجہ دوسری طرف مبذول ہو. شاید سانحہ ساہیوال کہ طرح اب یہ پوری دنیا کے طاقتور لوگوں کا وطیرہ بن چکا ہے کہ مشکل وقت پر سر نیچا کر کے خاموشی اختیار کر لی جائے اور جب لوگوں کی توجہ بدل جائے تو معاملہ کو احسن طریقے سے نبٹا لیا جائے. بوئنگ کی ان حرکات کی وجہ سے لوگوں کو دال میں کالا دکھائی دے رہا ہے لیکن اتنی بڑی اور طاقتور کمپنی یقیناً سی ٹی ڈی کی طرح بچ کر نکل جائے گی کیونکہ شاید یہی اصل حقیقت ہے کہ جس کی لاٹھی، اس کی بھینس. اب ساری نظریں بوئنگ کمپنی پر جُڑی ہیں کیونکہ اگر تو صرف سافٹ ویئر اپ گریڈ کرنے سے مسئلہ حل ہو جائے گا تو شاید بوئنگ کمپنی کا نقصان ایک ارب ڈالر سے تجاوز نہ کرے لیکن اگر اس کے ڈیزائن کا پہلا مسئلہ (جس کیلئے سافٹ ویئر بنایا گیا تھا) پھر نمودار ہو گیا اور اس جہاز کو ختم کرنا پڑا تو نہ صرف بوئنگ بلکہ اس سے جڑی وسیع تر امریکی معیشت تک اس کے اثرات جائیں گے.

یہ سارا معاملہ دو چیزوں کا واضح سبق دیتا ہے. پہلا یہ کہ گورنمنٹ ریگولیٹر اور پرائیویٹ کمپنیوں میں دوستانہ تعلقات نظام کو خراب کر دیتے ہیں. جب انسپکشن ٹیم تحفے تحائف لینے میں مصروف ہو جائے تو پھر چیکنگ ثانوی ہو جاتی ہے اور پرائیویٹ کمپنیاں تو موقع کی تلاش میں ہوتی ہیں کہ وہ انسپکٹرز کو احسان مند کر سکیں. امریکہ کے باہر جب برٹش پٹرولیم کی آئل رگ تباہ ہوئی اور سمندر میں بے تحاشا تیل پھیلا تو انکوائری میں ایسی ہی دوستیوں کا پتہ چلا. گورنمنٹ نے آرڈر دیا کہ آیندہ سے دورہ کرنے والے انسپکٹرز اپنا پانی بھی ساتھ لے کر جائیں گے اور گرم تپتی دوپہر میں کمپنیوں سے ٹھنڈا پانی کا گلاس لے کر پینا بھی جُرم قرار دے دیا گیا. دوسرا یہ کہ جب تکنیکی فیصلے تجارتی یا سیاسی مجبوریوں کے باعث کیے جائیں تو پھر چیزیں بعد میں مسائل پیدا کر دیتی ہیں. گورنمنٹ میں ایک فقرہ مشہور ہے کہ senior is engineer یعنی کہ سینیر کا کہا ہی انجینئرنگ ہے اور جونیئر انجینئر چاہے اختلاف بھی کرے، سینئر کی بات غلط ہونے کے باوجود مستند ہو گی. یا جونیئر نوکری کر لے یا درست بات. پشاور بی آر ٹی کی بھی خبریں آرہی ہیں، کہ نکاسی کا نظام سرے سے موجود ہی نہیں یا ڈیزائن تعمیر شروع ہونے کے بعد بار بار تبدیل کیا جاتا رہا. اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ الیکشن سے پہلے مسلم لیگ کے مقابلے میں اپنا میگا پراجیکٹ لانے کی جلدی میں ڈیزائن میں جلدبازی سے کام لیا گیا اور یقیناً انجینئرز کے اعتراضات کو نظرانداز کر کے کام شروع کر دیا گیا اور اب اس کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے اور یہ پراجیکٹ پی ٹی آئی کیلئے بجائے کریڈٹ کے، تضحیک کا باعث بن رہا ہے. یہی کام نندی پور پراجیکٹ میں ہوا اور اسلام آباد ائرپورٹ میں ہوا اور نتیجہ آپ کے سامنے ہے کہ دو رن وے اتنے نزدیک بنا دیے گئے کہ وہ بیک وقت استعمال نہیں کیے جا سکتے جو اس تعمیر کا مقصد تھا. جو کام سکھلائی کے طریقے کے مطابق جتنا وقت مانگتا ہے اسے تجارتی یا سیاسی مجبوریوں کے باعث جلد بازی میں نہیں کرنا چاہیے. اگر مسئلہ بنیادی ڈیزائن میں آ جائے تو پیوند کاریوں سے اکثر مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا، جیسا کہ اس جہاز میں ہو رہا ہے. کیونکہ یہ تعمیراتی پراجیکٹ کم پیچیدہ ہوتے ہیں لہذا شاید اور پیسہ لگانے سے بی آر ٹی یا اسلام آباد ائرپورٹ کے مسائل حل ہو جائیں لیکن شاید کوئی فرق نہ پڑتا اگر پی ٹی آئی کی اگلی گورنمنٹ کا انتظار کر لیا جاتا اور انجینئرز کو بی آر ٹی ڈیزائن مکمل کرنے کا پورا وقت دے دیا جاتا. سچ کہاوت ہے کہ جلدی کام شیطان کا.

خدارا فیملی سسٹم کو بچائیں

ہم آئے روز یہی بات سنتے ہیں کہ وہ قوم یا ملک ترقی نہیں کر سکتا جس کی خواتین لیبر فورس میں نہ ہوں. مثالیں بہت دی جاتی ہیں جیسا کہ بنگلہ دیش کی ترقی کا راز ان کی عورتوں کا گارمنٹس انڈسٹری میں کام کرنا ہے وغیرہ. لبرل سوچ کے مطابق عورتوں کا مردوں پر انحصار اور اسی وجہ سے استحصال تب ختم ہو گا جب وہ خود پیسے کما سکیں گی. یہ بات غلط بھی نہیں لیکن پوری طرح ٹھیک بھی نہیں. ہمیشہ کی طرح سکہ کا ایک رخ دکھا اور ایک چھپا کر ہماری سوچ بدلنے کی کوشش کی یہ ایک مثال ہے. لیکن دوسرے رخ سے بہت سارے لبرل مفکر بھی آگاہ نہیں اور وہ بہت نیک نیتی سے اس چیز کو مکمل سچ سمجھتے ہیں.

یہ مسئلہ دراصل قیمت اور قدر کے فرق کا ہے. آسکر وائلڈ کہتا ہے کہ ایک نقاد وہ شخص ہوتا ہے جو ہر چیز کی قیمت جانتا ہے لیکن ایک چیز کی بھی قدر سے واقف نہیں. ہم نوکری اور کاروبار سے آنے والی تنخواہ کی قیمت سے تو بخوبی واقف ہیں لیکن اس دفتر کے اوقات میں کی جانے والی گھریلو خواتین کی محنت اور سُگھڑ پن کے باعث ہونے والے فوائد کی قدر شاید بھول چُکے ہیں. اس کے علاوہ دونوں میاں بیوی کے بیک وقت کام کرنے سے جو مشکلات فیملی کو درپیش آتی ہیں، ان پر اب گفتگو چھیڑنا، دقیانوسی سوچ کا لیبل لینے کی دعوت ہے. ہم روزمرہ استعمال کی چیزوں کی قیمت کی ادائیگی کی جدوجہد میں فیملی کی قدر بھول رہے ہیں اور اس کا خمیازہ جوائنٹ فیملی سسٹم کی تباہی کی صورت میں پہلے ہی بُھگت چُکے ہیں اور اب سنگل فیملی سسٹم بھی سخت دباؤ کا شکار ہے.

ترقی کی فلسفیانہ بحث تو بہت پیچیدہ ہے اور بعض کے نزدیک تو ہم بحیثیت معاشرہ تنزلی کا شکار ہیں. لیکن ترقی کا معیار ماہرین معاشیات کے نزدیک جی ڈی پی گروتھ ہے. انتہائی پیچیدہ معاشی سسٹم میں ہر چیز کو ناپ کر قیمت تو نہیں لگائی جا سکتی لیکن جن کی لگائی جا سکتی ہے تو ان کی لگا کر باقی کو نظرانداز کر کے ماہرین معاشیات نے جی ڈی پی کی بنیاد رکھی تھی. ہر چیز کو اعداد میں بدلنے کے جنون نے معاشیات کو اصل زندگی سے دور کر دیا جس کی موجودہ مثال جی ڈی پی جیسے نمبرز ہیں جو ان ماہرین معاشیات کا قبلہ ہیں جو اپنے شعبے کے بنیادی فلسفہ اور مسائل سے واقف نہیں اور سطحی علم رکھتے ہیں. جب جی ڈی پی کی شرح اضافہ میں کمی ہو رہی تو وہ چیخ و پکار میں مبتلا ہو جاتے ہیں . لیکن جی ڈی پی کی ان خامیوں پر موقر انگریزی جریدہ دی اکانومسٹ بھی اپنے جون 2018 کے شمارے میں شدید تنقید کرتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ ان مسائل کا فوری حل کیا جائے ورنہ جی ڈی پی کی بنیاد پر تیار کئے گئے حل عوام کیلئے مزید مشکلات کا ہی باعث بنیں گے. اکانومسٹ مزید کہتا ہے کہ نقادوں کی طرح ماہرین معاشیات سمجھتے ہیں کہ چیز کی صرف قیمت جاننا کافی ہے لیکن یہ سوچ ان کے نتائج کو غلط طرف دھکیل دیتی ہے اور ان کے دیے گئے حل، انسانیت کے مسائل سے مطابقت چھوڑ جاتے ہیں اور مزید مسائل کا باعث بنتے ہیں. قیمت کو ایک عدد سے سمجھا جا سکتا ہے لیکن قدر کی سمجھ بعض اوقات ایک پورا تبصرہ مانگتی ہے. دولت اور قدر برابر نہیں ہوتے اور ہر جگہ قدر کو قیمت سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا ہے.

جی ڈی پی پر شروع سے بہت سارے قابل ماہرین معاشیات اور اب بہت سارے ماہرین حقوقِ نسواں تواتر سے اعتراض کر رہے ہیں کہ اس نمبر میں دو بڑی خامیاں ہیں. ایک کہ یہ ماحول پر کوئی توجہ نہیں دیتا اور دوسرا یہ کہ یہ گھر میں کیے گئے کام جو بنیادی طور پر عورتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کو نظرانداز کر دیتا ہے. جی ڈی پی بڑھانے کی کوشش میں ماہرین معاشیات نے دوسری جنگ عظیم کے بعد ایسی پالیسیاں ترتیب دیں جنہوں نے عورت کو گھر سے باہر نکل کر نوکری اور تنخواہ یا کیش منافع کمانے کی ترغیب دی. نتیجے میں مغرب میں فیملی کا یونٹ بالکل تباہ ہو چکا ہے اور مشرق بھی اسی روش پر چل نکلا ہے. گھر کی عورت زمانہ قدیم سے لیبر فورس میں ہے لیکن وہ پیسے کمانے کی بجائے بچا رہی ہے جو کہ جی ڈی پی میں شامل نہیں کیا جاتا. بزرگوں کا خیال، بچوں کا پالنا، کھانا پکانا، گھرداری، کپڑے سینا سب کام ویلیو یا قدر بناتے ہیں لیکن جی ڈی پی کا زور صرف تنخواہ کما کر لانے پر ہوتا ہے. اگر یہ کام پیسے دے کر کروانے پڑ جائیں تو تب اندازہ ہو کہ گھر میں کام کرنے والی سُگھڑ خواتین کتنی بڑی معاشی ذمہ داری سرانجام دے رہی ہیں. لیکن اس پراپیگنڈا کی وجہ سے کہ گھر چلاتی عورت کا ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے، اب مڈل کلاس گھرانے جو کبھی لڑکی کے سُگھڑ پن کو بنیادی اہمیت دیتے تھے آج عزت اسی لڑکی کو دیتے ہیں جو کما کر لا رہی ہے اور جو گھر بیٹھ کر شاید زیادہ بچا رہی ہے، کو مظلوم یا کاہل قرار دیتے ہیں. اس بیانہ نے ان خواتین کو جو اپنے گھر اور فیملی کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں اور بچوں کی اچھی تربیت) جو کہ ورکنگ کیریئر ویمن کیلئے انتہائی مشکل کام ہے) کو کیرئیر پر ترجیح دیتی ہیں، معاشرے میں مشکل کا شکار کر دیا ہے. وہ ہر وقت اس مخمصے میں رہتی ہیں کہ کیا وہ گھر چلا کر اور نوکری نہ کر کے غلط کر رہی ہیں. اب بہت سارے ماہرین حقوق نسواں بھی یہ بات کر رہے ہیں کہ ہم لڑکیوں کو یہ تو بتاتے ہیں کہ وہ جو زندگی کے ہر خواب کو حاصل کر سکتی ہیں لیکن یہ نہیں بتاتے کہ ان کے حصول میں فیملی اور گھر میں کس قدر قربانیاں دینی پڑیں گی. بیک وقت کیرئیر اور گھر میں ترقی ممکن نہیں اور یہ چیز ان لڑکیوں کیلئے انتہائی پریشانی کا باعث بن رہی ہے جو اپنی فیملی کو کم ترجیح دینے کو تیار نہیں.

اس میں کوئی شک نہیں کہ بہت ساری خواتین کیلئے نوکری ایک مجبوری ہے کیونکہ گھر بیٹھ کر ویلیو یا قدر تو بنائی جا سکتی ہے لیکن کیش لانا مشکل کام ہے. لیکن یہ بیانہ کہ گھر گرہستی میں مصروف خاتون ٹیلنٹ ضائع کر رہی ہے یا اپنی پڑھائی ضائع کر رہی ہے ایک غلط بیانیہ ہے. اس کے باعث ہم ان خواتین کو احساس زیاں دے رہے ہیں کہ گھر چلانا اور ایک اچھی فیملی کو پروان چڑھانا کوئی کارنامہ نہیں. اس بات کی قدر معاشرہ دے گا تو خواتین پر باہر نکل کر نوکری کرنے کا دباؤ ختم ہو گا. جیسا کہ اگر شہدا کو عزت نہ دی جائے اور اس کو فوجی یا پولیس کی نوکری کا ایک حصہ تصور کیا جائے تو وقت آنے پر کون آگے بڑھ کر جان کو خطرہ میں ڈالے گا. ہم وہی کچھ کرتے ہیں جس کی ہمارا معاشرہ اور گردونواح قدر کرتے ہیں.

ایک پڑھی لکھی خاتون گھر کو بہتر طریقے سے چلاتی ہے اور بہت باشعور بچوں کو پروان چڑھا سکتی ہے جو کہ بذات خود ایک انتہائی قابل قدر چیز ہے. تعلیم کا مقصد اچھے اور برے میں تمیز ہے اور نوکری کرنا ہرگز نہیں. جو خاتون گھر سے باہر کام کر کے واپس آ کر گھر چلا رہی ہے, اس کو سلام لیکن وہ بہرحال وقت کی کمی کے باعث بہت ساری چیزوں پر توجہ نہیں دے سکتی. دن دونوں کیلئے چوبیس گھنٹے کا ہی رہے گا. لہٰذا کم وقت کی وجہ سے کچھ چیزیں نظرانداز کرنا پڑتی ہیں اور یہ اکٹر وہی چیزیں ہوتی ہیں جن کے اثرات طویل عرصہ کے بعد ہی نظر آتے ہیں جیسا کہ بچوں کی تربیت جو کہ والدین کا وقت مانگتی ہے. پرورش تو سب والدین کر سکتے ہیں لیکن تربیت وہی کر سکتے ہیں جو اس کیلئے وقت دیں. اگر دونوں میاں بیوی شام تک دفتر میں مصروف رہیں اور بچے سکول اور بعد میں مختلف طریقوں سے وقت گزاریں تو تربیت کرنا نہایت مشکل کام ہے. خلا کو پُر کرنے دائیں بائیں سے ہوا لپکتی ہے اور اسی طرح اگر تربیت میں والدین کوئی خلا چھوڑ دیں تو بچہ اردگرد سے اقدار حاصل کر لے گا جو کہ آجکل سرمایہ داری نظام کے کنٹرول میں ہیں اور انسان کو مذہب سے دور کرنا چاہ رہے ہیں. کچھ خواتین دونوں کام بخوبی کر لیتی ہیں لیکن یہ ہر کسی کے بس کی بات نہیں. مغرب میں کئ مرد نوکری چھوڑ کر گھر ہستی شروع کر دیتے ہیں اگر وہ یہ دیکھتے ہیں کہ بیوی کا کیرئیر اور اسکی آمدنی شوہر سے زیادہ ہے. لیکن ہم مشرقی معاشرے والے مرد ابھی اس سوچ سے کوسوں دور ہیں. مغربی مرد ویسے بھی بہرحال ہم مشرقی مردوں سے کہیں زیادہ “سُگھڑ” ہوتے ہیں اور گھر کء تعمیر، پینٹ، مرمت تک ہر چیز خود کر کے پیسے بچا لیتے ہیں. ہمیں پڑھائی کے علاوہ کسی چیز کی پرواہ نہیں ہوتی اور جب پڑھائی نوکری میں تبدیل نہیں ہو سکتی تو زندگی ضائع ہوتی نظر آتی ہے.

ان دلائل کے بعد میں یہ بات کرنا چاہتا ہوں کہ یہ بیانیہ کہ لڑکی گھر بیٹھ کر ضائع ہو رہی ہے، تبدیل کیا جائے، اور گھر بنانے والی عورت کو بھی عزت دی جائے. لڑکیوں کے کام کرنے پر پابندی مقصود نہیں لیکن فیملی کو بنیادی حیثیت دینے سے خواتین کو گھر بیٹھ کر فیملی پر توجہ دینے کی صفائی پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیئے. جی ڈی پی ضرور بڑھائیں لیکن ایسی پالیسیوں سے نہیں کہ جن کے ذریعے بڑھاتے بڑھاتے مغرب، جاپان اور کوریا والا حشر نہ ہو جائے جہاں فیملی، شادی اور بزرگوں کے خیال کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے. جاپان میں بزرگوں کے جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سرکار کو تحقیقات کرنے پر یہ معلوم ہوئی کہ جاپان میں نئی نسل نے وہ عہد توڑ دیا ہے جس میں والدین بچوں کا بچپن میں اور بچے اپنے والدین کا بڑھاپے میں خیال رکھتے ہیں. اب بوڑھے نہ پنشن میں گزارہ کر پا رہے ہیں اور نہ ہی ان کا کوئی خیال کرتا ہے، لیکن چوری کر کے زبردستی پکڑے جانے پر جیل میں مفت رہائش، علاج اور کھانا ملتا ہے (استغفراللہ). تنہائی جاپانی بوڑھوں کا مقدر بن چکی ہے. ایک جاپانی بوڑھے کی لاش دو سال بعد اس کے گھر سے ملی کیونکہ بنک اکاؤنٹ میں بل خودبخود کٹتے پیسے ختم ہو گئے تھے اور کمپنی والے گھر پوچھنے آئے.

تنہائی اب مغرب اور ترقی یافتہ مشرق کو ایک عفریت کی طرح گھیرے میں لے چکی ہے اور بوڑھے لوگوں کو کئی ہفتے کسی ذی روح سے بات کیے بغیر گزر جاتے ہیں. 1974 میں ماہر معاشیات رچرڈ ایسٹرلن نے اس معمے پر کام کیا کہ اگرچہ امیر ملکوں کی عوام زیادہ مطمئن ہوتی ہے، لیکن بڑھتی ہوئی خوشحالی عوام کو زیادہ اپنی زندگی سے خوش نہیں کرتی. چین جس کی جی ڈی پی کی شرح نمو کی مثال ہمارے موجودہ وزیر اعظم بھی دیتے ہیں، اقوام متحدہ کی عالمی خوشی سروے کے مطابق چین میں خوش رہنے کی سطح غربت کے پرانے دور سے نیچے چلی گئی ہے اور روس اور حتی کہ جنگ سے تباہ شدہ لیبیا سے بھی نیچے ہے. چین کا جی ڈی پی 1990 سے اب تک فی کس پانچ گنا بڑھ چکا ہے لیکن خوشی ناپنے کے سروے اس کا لیول 1990 سے نیچے بتا رہے ہیں. ماہرین معاشیات تو کہتے ہیں کہ سیاحت کو فروغ دینے سے ملک ترقی کرتا ہے (جی ڈی پی بڑھتا ہے) لیکن بھوٹان جیسے چھوٹے سے ملک نے سیاحت پر پابندی لگا رکھی ہے جو کہ ماحول کو تباہ کرتی ہے اور رہنے والوں کا خوشی کا لیول نیچے لے جاتی ہے. جسے ماہرین معاشیات خوشحالی کہتے ہیں وہ مادی بہتر حالی تو ہوتی ہے لیکن روحانی و ذہنی مسائل پیدا کر کے خوش نہیں رہنے دیتی.

یہ سب اس معاشی سوچ کی تباہ کاریاں ہیں جو گھر بنانے اور قائم رکھنے والی خاتون کی تنخواہ کو تو ناپ لیتی ہیں لیکن اس کی گھر کیلئے دی گئی قربانیوں کی قدر نہیں سمجھتی. خاتون ہی سے گھر اور فیملی بنتی ہے اور اسے دونوں صورتوں میں عزت دی جائے چاہے کہ وہ گھر میں رہے یا روزگار کی تلاش میں باہر جائے. مغرب کو اس چیز کا احساس ہو گیا ہے اور اب وہ فیملی سسٹم کو دوبارہ زندہ کرنے کی خاطر شادی پر ٹیکسوں میں چھوٹ، بچے پیدا کرنے ہر دونوں میاں بیوی کو تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں اور بہت ساری مراعات دے رہے ہیں لیکن گئی چیز آسانی سے واپس نہیں آتی. عورت کی بہتری نوکری کو فروغ دے کے نہیں بلکہ قانون سازی کے ذریعے شوہر کی آمدنی اور جائیداد میں حق مہر کے علاوہ حقوق کے ذریعے کی جائے تاکہ وہ ظالم مردوں کے ظلم کے خلاف اپنی حفاظت کر سکیں. لیکن صرف اس کو طاقتور کرنے کیلئے گھر سے نکلنے کی راہ دکھائی جائے. یاد رکھیں کہ ایک بار ہمارا یہ فیملی سسٹم ٹوٹ گیا تو پھر شدید تباہیاں ہی مقدر میں ہوں گی. چاہے جی ڈی پی کس قدر ہی کیوں نہ بڑھ جائے. جو بھی وقت پیری دیکھے گا، جوانوں کا محتاج ہو گا اور یہ فیملی سسٹم ہی اس عمر میں ان کو تباہی سے بچا سکتا ہے.

میرے بڑے ماموں مظہر کلیم ایم اے ، کچھ یادیں کچھ باتیں

مجھے زندگی بھر اس بات پر فخر رہا ہے کہ مظہر کلیم ایم اے میرے سگے ماموں ہیں، سکول سے لیکر جاب تک، مجھے ہمیشہ یہ تعارف کرواتے ہوئے خوشی محسوس ہوتی تھی. جب میرے سکول کے دوست فرمائش کرتے کہ ہمیں انکے آٹوگراف والا ناول لا دو تو سر فخر سے بلند ہو جاتا. ہم انہیں بڑے ماموں کہتے تھے کیونکہ دو مامووں میں وہ بڑے تھے. وہ ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، دن میں دیوانی مقدمات کے وکیل، شام میں عمران سیریز کے مصنف اور ریڈیو پاکستان ملتان کے مشہور پروگرام جمہور دی آواز کے اینکر پرسن مظہر سائیں.

ماموں کی مردانہ وجاہت سے بھرپور طویل القامت شخصیت ملنے والے کو مسحور کر لیتی تھی. ہر وقت ان کے گرد ایک محفل جمی رہتی تھی اور وہ اپنے ذوق اور لطیف حس مزاح کی بدولت اس کو کشت و زعفران بنائے رکھتے تھے. لڑکپن میں باڈی بلڈنگ کے شوقین رہے تھے اور ایمرسن کالج ملتان کی باسکٹ بال ٹیم کا بھی شاید حصہ رہے تھے کیونکہ اس ٹیم کی تصویر ہمارے گھر میں کہیں لگی ہوئی تھی. میں نے ان کو ہمیشہ ایک ہی روٹین میں دیکھا. صبح کچہری، دوپہر اشرف بکڈپو اور شام ریڈیو پروگرام. ان کی بڑی زبردست اور بھاری آواز ریڈیو اینکر کیلئے بہت مناسب تھی اور ان کا پروگرام جمہور دی آواز، ریڈیو ملتان کا بہت پسند کیا جانے والا پروگرام تھا.اس پروگرام میں وہ اور ان کے ساتھی اینکر مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے تھے، فون کالز لیتے تھے اور زرعی مسائل سے لے کر موجودہ ملکی صورتحال، سب موضوعات پر گفتگو کرتے تھے. ریڈیو ان کا شوق تھا اور وہ اپنے انتقال تک اس سے منسلک رہے. ایک دفعہ انہوں نے سیلاب کی کوریج کے بارے میں بتایا کہ موبائل کے دور سے پہلے صرف ریڈیو اینکر ہی پانی میں پھنسے لوگوں کو تسلی اور دلاسہ دے رہے تھے اور ریسکیو ٹیموں کی لوکیشنز فوج کے کنٹرول رومز سے لیکر ریڈیو پر براڈکاسٹ کر رہے تھے تاکہ لوگوں کو اندازہ رہے کہ مدد کتنا قریب پہنچ چکی ہے. بہت سارے لوگوں نے بعد میں جمہور دی آواز میں فون کر کے بتایا کہ ان کا سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران واحد سہارا جمہور دی آواز کے اینکر مظہر اور مہر صاحب تھے. غرضیکہ اینکر شپ تو اب مقبول ہوئی ہے لیکن بقول ان کے تو عمر گزر گئی تھی اس دشت کی سیاحی میں.

ستر کی دہائی میں انہوں نے ریڈیو کے لئے ڈرامے بھی لکھے اور شاید وہ اخبار میں تماشا مرے آگے کے عنوان سے کالم بھی لکھا کرتے تھے لیکن میں نے ان کے یہ کالم نہیں پڑھے. یہ اندازہ ضرور ہوتا ہے کہ وہ ہر فن مولا تھے اور اگر یہ کالم اور ڈرامے اور اینکر شپ آج کے کمرشل دور میں کرتے تو شاید واقعی بہت دولت کماتے لیکن جو عزت ان کے حصہ میں اس نان کمرشل دور میں آئی، اس سے آج کے کروڑپتی صحافی اور اینکر محروم ہیں. وکالت اور فیملی کی مصروفیات نے آہستہ آہستہ ان کو عمران سیریز تک محدود کر دیا. انہوں نے باقی سب کام شوق میں کیے اور ویسے بھی ان دنوں ادیب، اپنے ادب سے کمانے کی تو کوئی صلاحیت نہیں رکھتے تھے.

ان کی محفل جمانے اور کہانی نویسی کی صلاحیت شاید اپنے دادا سے ورثہ میں ملی تھی جو بچوں کو کہانیاں سنانے کے ماہر تھے. امی بتاتی ہیں کہ شام کو سب بچے ان کے گرد جمع ہو جاتے اور کہانی کی فرمائش کرتے اور پھر کمر اور ٹانگیں دبواتے ان کے دادا کہانیاں شروع کرتے جو کئی راتوں تک جا کر ختم ہوتیں. ماموں کی بچوں کی ایک کہانی ‘ہیرا من طوطا’ شاید ان کے دادا کی سنائی ہوئی کسی کہانی سے ماخوذ تھی. ماموں خود بھی منظر کشی کے ماہر تھے اور ہم بچپن میں ان کے پرانے کڑی افغاناں والے گھر میں چھت پر جانے سے ڈرتے تھے کیونکہ انہوں نے کہانی سنائی ہوئی تھی کہ اوپر جن رہتے ہیں، اور وہ بچوں کو یاد نہیں کیا کیا کرتے ہیں. اسی طرح شاید اندر والے کمرے میں غلام گردش کے دروازے پر انہوں نے ایک کہانی سنائی کہ جب وہ اس میں داخل ہوئے تو کیسے ایک جن کی بستی میں داخل ہو گئے. کہانی کہ اتار چڑھاؤ عمرو عیار کے طلسم ہوشربا کے کارناموں جیسے تھے اور ہم اس دروازے کو ہاتھ لگاتے بھی ڈرتے تھے لیکن سامنے کھڑے ہو کر اشتیاق سے دیکھتے رہتے تھے کہ پتہ نہیں کونسی دنیا اس دروازے کے پیچھے موجود ہے.

نانی اماں کے پرزور اصرار پر انہوں نے وقتا فوقتاً آنے کے علاوہ جمعہ کا دن آنے کیلئے مقرر کر دیا تھا (ہم اپنی نانی اور نانا کے ساتھ محلہ امیر آباد میں رہتے تھے). میں جمعہ نماز سے واپس آتا اور سارا گھرانا دروازے کی طرف کان لگائے رکھتا. اچانک سکوٹر کی آواز آتی اور ‘بڑے ماموں آ گئے’ کی آواز بلند ہوتی. میں ان کا استقبال کرنے کے لیے دروازے کی طرف لپکتا اور سلام کر کے ان کے پیچھے گھر میں داخل ہوتا. سردیوں میں صحن اور گرمیوں میں دالان میں بیٹھتے، ان کے لیے کرسی رکھی جاتی اور امی مل کر چائے تیار کرنے باورچی خانے میں چلی جاتیں. اس کے بعد دو گھنٹے کی زبردست اور دلچسپ محفل منعقد ہوتی جس کی روح ماموں ہوتے. ہر تھوڑی دیر بعد ایک قہقہہ ضرور لگتا کیونکہ ماموں زبردست حس مزاح رکھتے تھے. جب وہ اٹھتے تو ہم سب کے منہ لٹک جاتے کیونکہ اتنی دلچسپ محفل ختم کرنے کا دل بلکل نہیں چاہتا تھا. جب امی مجھے کوئی چیز لانے کیلئے دکان پر بھیجتی تو مجھے سخت کوفت ہوتی کیونکہ ان کی دلچسپ گفتگو سے محروم ہو جاتا اور میں چاہتا تھا ہر وقت ان کے ساتھ ہی بیٹھا ان کی باتیں سنتا رہوں. واپسی پر ان کو دروازے تک چھوڑنے جاتا اور اس وقت تک ان کو دیکھتا رہتا جب تک ان کا سکوٹر گلی سے مڑ نہ جاتا.

وہ زمانے موبائل کے نہیں تھے لہذا نانی اماں اور ماموں کے درمیان ایس ایم ایس سروس کی ذمہ داری بھی میری ہی ہوتی تھی. ہمارا گھر محلہ امیر آباد میں تھا جو کچہری کے عقب میں واقع ہے اور گھر سے ان کے چیمبر (نمبر 47) کا فاصلہ دس سے پندرہ منٹ کا تھا. میں جب بھی ان کی سیٹ پر پہنچتا، تو اگر وہ عدالت میں نہ ہوتے تو یا سیٹ پر تین چار افراد کیس پر گفتگو کر رہے ہوتے یا وہ کینٹین پر دوسرے وکلا کے ساتھ چائے اور سیگرٹ پر خوش گپیوں میں مصروف ہوتے. وہاں بھی محفل کی وہ جان ہوتے اور تھوڑی دیر بعد قہقہے بلند ہو رہے ہوتے. لیکن ان کا حس مزاح میں بازاری پن بلکل نہ تھا. میں نے کبھی ان کے منہ سے اپنے دوست وکیلوں کی محفل میں بھی غلط بات نہ سنی. مجھے ہمیشہ یہی حیرانی ہوتی کہ وہ اپنے کیسسز کی تیاری کیسے کرتے ہیں کیونکہ وہ بہت مصروف وکیل تھے. اس کا انہوں نے مجھے بتایا کہ یہ کام وہ علی صبح کچہری آنے سے پہلے کر کے آتے ہیں. ایک بار صرف دوستوں کے اصرار پر بار الیکشن میں حصہ لیا، ساری مہم بھی دوستوں نے چلائی اور وہ بار کے سینئر وائس پریزیڈنٹ منتخب ہوئے. بعد میں دوبارہ حصہ لینے سے معذرت کر لی کہ ان کے پاس پہلے ہی وقت کی بہت کمی تھی اور وہ مزید ذمہ داریاں نہ اٹھا سکتے تھے.

چائے اور سیگرٹ، ان کے دو شوق تھے اور اکثر کہتے تھے کہ اگر چائے اور سیگرٹ کی اجازت ہو تو بے شک سارا سال روزے رکھوا لیں. نانی اماں کو ہمیشہ ان کی سیگرٹ کی عادت کی پریشانی رہتی اور وہ ان کے کالج کے دوستوں کو الزام دیتیں جنہوں نے انہیں سیگرٹ کی عادت ڈال دی. لفظ ‘دوست’ ہمارے گھر میں اسی لیے منفی انداز میں لیا جاتا تھا اور ہمیشہ ‘دوستوں’ سے دور رہنے کی تلقین کی جاتی تھی. کچھ عرصہ قبل جب ڈاکٹر نے ان کو سیگرٹ چھوڑنے کا کہا تو انہوں نے ہنس کر جواب دیا کہ جوانی کے سب دوست اور سب نشانیاں ساتھ چھوڑ گئیں اور اب یہ آخری چیز ساتھ ہے، اسے بھی چھوڑ دوں تو کیا کروں گا. لیکن اپنے ناولوں میں انہوں نے عمران کو چائے کا عادی تو دکھایا لیکن سیگرٹ سے دور رکھا کیونکہ انہوں نے ناول سے قارئین کی کردار سازی کو بہت اہمیت دی.

ان کے انتقال کی خبر پر جناب بلال قطب کی تحریر کے اپنا لڑکپن یاد کروا دیا یا قاری حنیف ڈار کا کہنا کہ ہمارا لڑکپن ان کے ساتھ دفن ہو گیا، میرے بھی دل کی آواز ہے. ان کے ناولوں کا ہمیشہ شدت سے انتظار ہوا کرتا تھا اور مشکل سے پہلی تاریخ تک انتظار کرتا تھا اور تاریخ آنے پر میں اپنا مفت سیٹ حاصل کرنے کیلئے پاک گیٹ شام کے وقت محلہ امیر آباد سے سائیکل پر جایا کرتا تھا. وہ کوئی ذہنی کام سیگرٹ کے بغیر نہ کر سکتے تھے اور ان کا سیگرٹ کو مٹھی بنا کر چھوٹی انگلی میں رکھ کر کش کھینچنے ہوے، پاک گیٹ کی سڑک کے شوروغل میں ناول تحریر کرنا کل کی بات لگتی ہے. پہنچتے ہی سلام دعا کے بعد میں نئے مہینے کے ناولوں کی فرمائش کرتا اور وہ اشرف قریشی صاحب کو کہتے کہ ایک سیٹ اسے دے دیں. سیٹ لیتے لیتے کچھ پرانے ناولوں پر بھی نظر پڑتی اور جی ان کے لئے بھی للچا جاتا اور ماموں نظروں میں ہی پہچان جاتے اور اشرف صاحب کو ان کہانیوں کا سیٹ دینے کو بھی کہ دیتے. بہن اور بھائی گھر پر میرے انتظار میں بے تاب ہوتے تھے اور گھر واپس پہنچنے ہر پہلے پڑھنے کیلئے لڑائی ہو جاتی تھی جس میں میرے چھوٹے بھائی عثمان کو ہار ماننا پڑتی تھی اور اس انتظار کا غصہ اس کو ابھی تک ہے. وہ رات سونے کی بجائے ناول ختم کرنے میں استعمال ہوتی تھی. مجھے ہمیشہ اس چیز کا اشتیاق ہوتا کہ وہ یہ دلچسپ ناول کس طرح لکھ لیتے ہیں لیکن وہ اپنی تعریف کے بلکل قائل نہ تھے اور اس سوال کو ٹال دیتے اور کبھی کوئی بڑا بول نہ بولتے. شاید اپنی تعریف نہ کرنے کی عادت نے انہیں نقصان بھی پہنچایا کیونکہ دنیا میں دوسروں سے تعریف کروانے کیلئے اپنا ڈھول پیٹنے کی بہت ضرورت ہوتی ہے. شاید اسی وجہ سے ان کچھ عرصہ قبل فیملی میگزین میں شائع شدہ انٹرویو جس میں انہوں نے اپنے ناولوں کی تعریف کی اور ان کو ابن صفی سے مختلف اور زیادہ موضوعات کا حامل قرار دیا، میرے لیے کافی حیرانی کا باعث بنا. ابن صفی کے شائقین نے اس پر بہت اعتراض کیا اور شوروغل برپا کیا حالانکہ ادیب ہمیشہ اپنے کاموں کی تعریف کرتے آئے ہیں.

مظہر کلیم کی عمران سیریز، ابن صفی کے شائقین کے نزدیک غیر معیاری تھیں اور انہوں نے ہمیشہ یہ احتجاج کیا کہ کسی بھی لکھاری کا حق نہیں بنتا کہ وہ عمران کے کردار کو خراب کرے. لیکن نئی نسل میں مظہر کلیم کی عمران سیریز کی مقبولیت ان کی شدید مایوسی کا باعث بنتی اور وہ ہر جگہ اس پر احتجاج کرتے اور صرف تنقید برائے تنقید پر گزارہ کرتے. سکول کالج میں تو جو بھی ملے، انہوں نے عمومی طور پر عمران سیریز کا آغاز مظہر کلیم سے ہی کیا تھا لہٰذا وہ اس سلسلے میں جانبدار نہ تھے لیکن مجھے انٹرنیٹ پر بہت سے گفتگو کے فورم پر مظہر کلیم کی عمران سیریز کا دفاع کرنا پڑا. میں کسی شک میں نہیں ہوں کہ ابن صفی نے یہ کردار ایجاد کیا اور اسے مقبول ترین بنایا لیکن میرے نزدیک ماموں کی وجہ سے اس کردار کو مزید مقبولیت ملی اور دوام حاصل ہوا. ابن صفی کے شائقین کو تو ان کا شکر گزار ہونا چاہئے. ماموں کی عمران سیریز کا مکمل سٹائل، ابن صفی سے مختلف تھا، ابن صفی مسٹری رائٹر تھے اور ماموں ایکشن مووی کے رائٹر. ابن صفی کا ناول صرف عمران کے گرد گھومتا تھا اور ولن پس منظر میں اپنا کام کر رہا ہوتا تھا جس کی شناخت آخر میں ڈراپ سین میں ہوتی. اس کے برعکس ماموں کے ناولوں میں دونوں اطراف سے کہانی چلائی جاتی اور قاری ڈراپ سین کا انتظار کرتا جس میں سسپنس اور ایکشن کا حسین امتزاج ہوتا. ابن صفی کے شائقین کی شاید خواہش تھی کہ ماموں، اپنے آپ کو ابن صفی سے کمتر تسلیم کریں، عمران کا کردار استعمال کرنے کے جرم پر معافی مانگیں لیکن ماموں نہ ہی اپنی تعریف کے قائل تھے اور نہ ہی وہ اس بحث میں حصہ لینے کو تیار تھے. وہ صرف لکھنے کے شوقین تھے اور باقی کسی چیز کی پرواہ نہ کرتے تھے. کبھی انہوں نے اپنے حق میں لوگوں کو کہ کر کالم نہ لکھوائے جس کی وجہ سے ادبی حلقوں میں ان کا دفاع کوئی نہیں کرتا تھا. وہ تو اپنے شائقین سے ملنے سے بھی گریز کرتے تھے کیونکہ وہ گفتگو ان کی تعریف سے بھرپور ہوتی تھیں جس سے وہ بہت مشکل میں پڑ جاتے تھے، ایک دفعہ ایک واقعہ خود انہوں نے ہنستے ہوئے سنایا کہ ایک شائق ان سے ملنا پاک گیٹ اشرف بکڈپو پر پہنچا لیکن ناول والی تصویر سے فرق کے باعث ان کو پہچان نہ سکا اور ان سے مظہر کلیم کے بارے میں دریافت کیا، ماموں نے موقع غنیمت جان کر خود کو صفدر شاہین متعارف کروایا اور بتایا کہ مظہر کلیم تو سوئٹزرلینڈ میں ریتا ہے اور اسے یہاں کسی نے نہیں دیکھا. میں نے ابن صفی کے ایک ناول میں خود یہ چیلنج پڑھا ہے کہ بہت سے لوگ عمران سیریز لکھ رہے ہیں اور میں نے کسی پر اعتراض نہیں کیا کیونکہ عمران سیریز صرف وہی بکے گی جس کے مصنف کے نام میں صفی شامل ہو گا. اس لحاظ سے وہ ابن صفی کا چیلنج قبول کر کہ کامیاب ہو گئے اور ابن صفی کے شائقین کو اس میں کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے.

ان کے لئے نئے کردار ایجاد کرنا کچھ مشکل نہ تھا جیسا کہ انہوں نے عمران سیریز میں بھی متعارف کروائے اور بچوں کے لئے بھی. عمران سیریز لکھنے کی وجہ قارئین کی فرمائش تھی جو کہ عمران سیریز پڑھنا چاہتے تھے. ذاتی طور پر میری خواہش تھی کہ وہ اپنے بچوں والے کردار چلوسک ملوسک، آنگلو بانگلو، چھن چھنگلو اور فیصل شہزاد سیریز پر مزید کہانیاں لکھتے لیکن پیشہ ورانہ مجبوریوں کے باعث ان کے بقول ان کے پاس صرف تین گھنٹے لکھنے کیلئے ہوتے تھے جو ہر مہینہ عمران سیریز کا نیا ناول لانے کیلئے بھی ناکافی ہوتے تھے. اب مبشر زیدی نے جو سو لفظوں کی کہانی لکھنے کیلئے مشہور ہیں عندیہ دیا ہے کہ وہ عمران سیریز پر طبع آزمائی کریں گے اور یہ عمران سیریز کے شائقین کے لیے انتہائی خوشی کی بات ہو کہ عمران کا کردار جاری رہے اور ہمیں معیاری ناول پڑھنے کو ملتے رہیں.

ماموں کے ناولوں پر ایک اور تنقید سائنس کے بے دریغ استعمال پر ہوتی تھی اور عمران ہر ناول کے لیے ایک نئی شعاع استعمال کر لیتا تھا. اس کے مقابلے میں ابن صفی بلکل سادہ پلاٹ رکھتے تھے(حالانکہ ڈاکٹر داور اور اس کی ایجادات ابن صفی سے شروع ہوئیں تھی). میری نظر میں اس کو تعریف کے زمرے میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ تخیل کی کوئی حد نہیں ہوتی اور سائنس فکشن میں سب کچھ ممکن ہوتا ہے. سائنس فکشن اس لئے کچھ عرصے کہ بعد حقیقت میں تبدیل نہیں ہوتی کہ مصنف مستقبل کو دیکھ رہا ہوتا ہے بلکہ سائنس دان اس کی سائنس فکشن سے Inspire ہوتے ہیں اور اپنی تحقیق و جستجو سے فکشن کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کرتے ہیں. سنہ ستر کی دہائی کے ناولوں میں عمران نے ایسی گھڑی پہنی ہوتی ہے جس میں کال آنے پر کلائی میں ضربیں لگتی ہیں تاکہ خاموش سے کال کا پتہ چل سکے. آج یہ feature سمارٹ واچ کے vibrator کی صورت میں بے شمار کلائیوں پر موجود ہے. عمران اور اس کے ساتھی گھڑی کو کان سے لگا کر بات کرتے ہیں اور آج Samsung Gear اور IWatch استعمال کرنے والے اس سے بخوبی واقف ہیں. Artificial General Intelligence یا AGI پر مغرب میں اس وقت بہت بحٹ ہو رہی ہے جبکہ عمران سیریز میں قارئین اس کمپیوٹر سے بخوبی واقف ہیں جو سوچنے، سمجھنے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا اور یہی چیز اور اس کے خطرات آج AGI کی صورت میں زیر بحث ہیں. آج بھی ایسے ایسے کمپیوٹر کی بغاوت کی صورت میں اس کی پاور بند کر کے کنٹرول کی بات ہو رہی ہے اور ایک ناول میں عمران ایسے کمپیوٹر کی سمندر میں موجود سی بیٹری تباہ کر کے قابو کرتا ہے. اس سے آپ ان کے تخیل کی طاقت کا اندازہ لگا سکتے ہیں.

میں نے ان کو ہمیشہ زندگی سے بھرپور دیکھا اور منفی بات ان سے کبھی نہ سنی. گل نوخیز اختر نے ان کو ایک درویش صفت انسان قرار ریا اور میں خود سمجھتا ہوں کہ وہ ایک درویش صفت انسان تھے. روپے پیسے کی انہوں نے کبھی ہوس نہیں کی اور نہ ہی کبھی دوسروں سے مقابلہ کیا. میرے دوست اکثر مجھے کہتے کہ ناول لکھ لکھ کر تو انہوں نے کروڑوں کما لیے ہوں گے. ہماری ممانی بھی اکثر کہتیں کہ تمہارے ماموں پبلشرز سے زیادہ ڈیمانڈ نہیں کرتے اور ساری کمائی ان کے پاس چلی جاتی ہے لیکن ماموں ہنس کر ٹال دیتے کہ اس کے بہت اخراجات ہیں، کاغذ بہت مہنگا ہو گیا ہے، اشاعت بہت مہنگی ہو گئی ہے لہذا اچھا نہیں لگتا کہ میں زیادہ کا تقاضا کروں اور میرے پاس خود یہ سب بھاگ دوڑ کرنے کا وقت نہیں ہے. آخر تک ان کے زیر استعمال ان کا تہتر ماڈل کا سکوٹر رہا، وہ اپنی روٹین میں مگن رہے اور کبھی دوسروں سے مقابلہ میں نہ پڑے. انہوں نے اپنے تینتیس سالہ جوان بیٹے کو قبر میں اتارا اور پھر جوان داماد کی اچانک وفات کا دکھ دیکھا لیکن انہوں نے غموں کے یہ پہاڑ ثابت قدمی سے برداشت کیے اور ان کے منہ سے کم از کم میں نے کبھی زندگی کی شکایت نہ سنی. وہ پارکنسنز Parkinsons میں مبتلا ہوئے جس کے رعشہ کی وجہ سے انہیں وکالت بھی چھوڑنی پڑی اور ناول لکھنا بھی. بعد میں تو ان کے لیے سر اٹھانا بھی ممکن نہ رہا لیکن ان کی آنکھوں کی چمک ہمیشہ قائم رہی اور انہوں نے اس بیماری اور تکلیف پر بھی کبھی شکایت نہ کی. بزرگ لوگ اکثر گفتگو اپنے مسائل اور تکالیف کی کرتے ہیں لیکن میں جب بھی ان سے ملا، وہ ان دونوں موضوعات پر کچھ نہ کہتے اور بس اللہ کا شکر ادا کرتے کہ گزارہ چل رہا ہے. ایک روز جب Parkinsons کا ذکر آیا تو ہنس کر کہنے لگے، ‘ناں تاں بڑا سوھنڑا تے ماڈرن ہے پیا’. ایلو پیتھک سے علاج کے علاوہ حکمت پر ان کا بہت یقین تھا اور یہ چیز اکثر عمران سیریز میں بھی نظر آتی جہاں عمران لوگوں کو خمیرہ گاؤ زبان و عنبری جواہر دار تجویز کر رہا ہوتا. ملتان کے مشہور معالج مرحوم ڈاکٹر فاضل کو وہ بہت پسند کرتے تھے اور اکثر ڈاکٹر صاحب کے علاج کے سلسلے میں دیے گئے مشوروں کا ذکر کرتے تھے. ان کی حس مزاح انتقال تک قائم تھی اور ان سے ملنے والا ہمیشہ خوش ہی اٹھتا تھا.

علی عمران کو انہوں نے نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے بہت استعمال کیا. ان کے ناولوں میں اصلاح کا عنصر بہت غالب تھا اور عریانیت اور فحاشی کا انہوں نے کبھی سہارا نہ لیا. اردو میں ان کی ایم اے کی ڈگری تھی اور غالب کے اشعار کی تشریح میں ان کو کمال حاصل تھا. ایک دفعہ غالب کا شعر ‘نہ تھا کچھ تو خدا تھا’ موضوع بحث آ گیا اور انہوں نے اس پر اتنا زبردست نقشہ کھینچا اور مختلف طرح سے تشریح کی کہ میں جا کر بازار سے دیوان غالب خرید آیا کہ خود اس کا مطالعہ کروں اور اگلی محفل میں کوئی اور شعر چھیڑ دوں.

جناب خالد مسعود صاحب نے اپنے ایک کالم میں ان کو ملتان کی شان قرار دیا اور اس میں کوئی شک نہیں تھا کہ ادب کے منظر پر ساٹھ سے لیکر نوے کی دہائی تک ملتان سے ان کے علاوہ کوئی قابل ذکر نام نہ تھا اور ملتانیوں کو ترقی لاہور شفٹ ہو کر ہی ملتی تھی.لیکن وہ ملتان اور اپنی سرائیکی شناخت سے سخت محبت کرتے تھے اورباوجود کافی مواقع اور آفرز کے کبھی ملتان سے لاہور شفٹ ہونے کے بارے میں نہ سوچا. ان کے منشی نے بتایا کہ ایک بار ایک خط جس پر پتہ صرف مظہر کلیم ایم اے درج تھا، کچہری میں ان کی سیٹ پر ڈلیور ہو گیا. ماموں پر میں لکھتا جاؤں تو پوری داستان لکھ سکتا ہوں کیونکہ ان کے ہر پہلو کا احاطہ کرنا، ایک کالم میں ممکن نہیں ہے. ان کی وفات ہمارے لیے ایک شدید صدمہ ہے کیونکہ ان جیسا پورے خاندان میں کوئی نہ تھا. اللہ تعالیٰ ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اور ان کے بچوں کو صبر جمیل عطا فرمائے.

مسئلہ رویت ہلال اور سائنس کے وزیر

ہمارے نوزائیدہ وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے ایک پانچ رکنی ماہرین کی کمیٹی قائم کی ہے جو سائنسی طور پر نئے چاند کا تعین کرے گی کیونکہ کسی نے کہا یہ چاند ہے، کسی نے کہا روزہ تیرا. وجہ یہ ہے کہ اس شرعی بحث میں کہ آیا شہادت رویت جو مسجد قاسم علی خان میں دی گئیں وہ مفتی منیب کو قبول کیوں نہیں ہوتیں، کچھ برادران جیسا کہ یاسر پیرزادہ سائنس کو بیچ میں لے آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ جب ہم سورج کو ڈوبتا دیکھے بغیر مغرب صرف سائنسی حساب کتاب کی بنیاد پر پڑھ لیتے ہیں، سفید اور کالا دھاگا دیکھے بغیر فجر ادا کر لیتے ہیں تو پھر حساب کتاب کی بنیاد پر قمری کیلنڈر کو کیوں نہیں استوار کر لیتے؟ اس پر ستم ظریفی محکمہ موسمیات والے ڈھاتے ہیں کہ وہ کافی عرصہ قبل ہی چاند کے نظر آنے یا نہ آنے کی پشین گوئی کر دیتے ہیں اور پچھلی دفعہ تو سرکار نے عید کی تعطیلات بھی ان کی پشین گوئی کے تحت جمعہ کے روز سے شروع کیں حالانکہ اگر انتیس کو چاند نظر آ جاتا تو جمعہ کو عید ہو جاتی اور بہت سے لوگوں کی عید سفر میں گزر جاتی

میں کوئی عالم دین نہیں لیکن قرآن اور احادیث کے سادہ سے مطالعہ سے مجھ جیسا عام شخص بھی سمجھ سکتا ہے کہ نماز کے اوقات کے احکام میں وقت کا علم ہونے پر نماز ادا کی جا سکتی ہے. اب وقت چاہے سورج کو دیکھ کر معلوم کیا جائے یا گھڑی دیکھ کر. شرعی حکم اس وقت کے ہونے کا ہے، خود سورج یا دھاگے دیکھنے کا نہیں اور اب دھاگے دیکھے بغیر اس وقت کی پیمائش ممکن ہے لہٰذا کوئی پابندی نہیں کہ آپ آج بھی دھاگے دیکھیں. لیکن ظاہر ہے گھڑی آنے کے بعد آپ گھڑی دیکھ کر نماز پڑھیں گے یا کوئی اور گھڑی دیکھ کر آپ کو وقت ہونے کے بارے میں بتائے گا. چاند کے معاملے میں حدیث میں حکم انتیس کی رات کو چاند دیکھنے کا ہے، عینی شہادت کا ہے. ہاں البتہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ نیا چاند کا ہونا ضروری ہے، عینی شہادت ضروری نہیں تو آپ یہ شاید یقین ہی نہ کریں کہ سائنس کی رُو سے بغیر عینی شہادت کے، نیا چاند ہو جانے کو ثابت کرنا ممکن نہیں ہے. سائنسی حساب کتاب اور عینی شہادت دو مختلف چیزیں ہیں اور حساب کتاب، عینی شہادت کا بدل نہیں ہے. سائنس ‘موجودگی ہلال’ کا احتمال تو معلوم کر سکتی ہے لیکن عینی شہادت کا حکم صرف انسانی آنکھ کے دیکھنے سے ہی پورا ہو سکتا ہے.

دلائل شروع کرنے سے پہلے میں ایک سے ملتا جلتا ایک سائنسی مسئلہ اور اس کا سائنس کی رو سے حل بیان کرنا چاہوں گا. آٹھویں صدی عیسوی میں ہندو بھگت شری ادیسنکارہ نے سوال کیا تھا کہ اگر کوئی بھی آسمان کی طرف نہ دیکھ رہا ہو تو کیا پھر بھی آسمان کا رنگ نیلا ہو گا؟ اسی مسئلے کو انیسویں صدی میں اس طرح پیش کیا گیا کہ اگر ایک غیر آباد جزیرہ پر ایک درخت زمین پر گرتا ہے اور اس کے آواز سننے کے کیے کوئی ذی روح موجود نہیں تو کیا درخت نے گرنے سے آواز پیدا کی؟ اس سوال کا جواب 5 اپریل 1884 کے Scientific American Magazine کے شمارے میں یوں دیا گیا کہ “آواز تب سنائی دیتی ہے جب کہ ہوا میں ارتعاش کانوں کے پردے کے ذریعہ حواس کے نظام تک پہنچے اور ہمارے اعصاب اس کو آواز تسلیم کریں. درخت گرنے کی وجہ سے ہوا میں ارتعاش تو پیدا ہو گی لیکن وہاں سننے کے لئے کوئی چونکہ کوئی کان نہیں، لہذا وہاں کوئی آواز نہیں ہوگی. یہ اس سوال کا عین سائنسی جواب ہے.

اب آتے ہیں اس دلیل کی طرف کے سائنس نے بہت ترقی کر لی ہے اور چاند، سورج، سیاروں اور ستاروں کی گردش بہت زبردست ناپی جا سکتی ہے تو پھر رویت پہ اصرار کیوں؟ درحقیقت فلکیات کی رو سے سیارہ چاند کا لمحہ بہ لمحہ خلا میں مقام تو ناپا جا سکتا ہے لیکن نیا چاند جو زمین سے نظر آتا ہے وہ سیارہ نہیں بلکہ وہ عکس ہے جو سورج کی شعاعیں چاند کے ایک حصہ سے منعکس ہو کر زمین کی سطح پر بصارت کے پردے سے ٹکرا کر پیدا کرتی ہیں. آسمان پر سیارہ چاند تو سوائے گرہن کے وقت کے ہر وقت آدھا روشن ہوتا ہے لیکن اس کا کچھ ہی حصہ زمین کی طرف روشنی منعکس کرتا ہے جس کے بڑھنے اور گھٹنے سے زمین کی سطح پر چاند کی منزلیں نظر آتی ہیں. جب روشن آدھے چاند کا رخ مکمل طور پر سورج کی طرف ہوتا ہے تو اس رات چاند نظر نہیں آتا اور اسے فلکیات کی زبان میں conjunction point کنجنکشن پوائنٹ کہتے ہیں. پھر آہستہ آہستہ تقریباً سترہ گھنٹے بعد کچھ روشنی زمین پر پہنچ کر نئے چاند کی صورت میں دکھائی دیتی ہے جسے نئے چاند کی پیدائش کہا جاتا ہے. نیا چاند اور سیارہ چاند ایک نہیں ہیں بلکہ دو مختلف تصورات ہیں. سیارہ چاند آسمان پر ہے اور نیا چاند زمین کی سطے پر موجود انسانی آنکھ کے پردے پر بنتا ہے. یہ حساب کتاب کہ اگر ایک آنکھ اس جانب دیکھ رہی ہو تو نئے چاند کا عکس بنے گا کہ نہیں، بہت پیچیدہ ہے اور اس میں حساب کتاب سے صرف رویت ہلال کا احتمال ( Probability) ہی معین کیا جا سکتا ہے. کیونکہ بہت سے عوامل جن میں، چاند کا افق سے زاویہ، ہوا میں موجود نمی اور گرد، آنکھ کی حساسی، سطح سمندر سے بلندی بلکہ چاند کا وہ حصہ کو روشنی کی عکاسی کر رہا ہوتا ہے، اس کی ساخت تک اس حساب پر اثر انداز ہو سکتی ہے. صرف زاویہ کے بارے میں بتاتا چلوں کہ البیرونی نے اس کا کم از کم معیار 12 ڈگری مقرر کیا تھا اور اب 1932 میں فرانسیسی ماہر فلکیات آندرے دینجون Andre Danjon نے اس کو 6.5 ڈگری مقرر کیا ہے. لہذا جس طرح اگر سننے والا کان نہ ہو تو سائنس کی رو سے آواز ہی نہیں ہوتی لہذا اگر دیکھنے والی آنکھ نہ ہو تو نیا چاند بھی نہیں ہو سکتا. نیا چاند تو سیارہ نہیں بلکہ پردہ بصارت پر بننے والا عکس ہے. چاند تو خلا میں ہر وقت موجود ہے لیکن اگر اس کا عکس پردہ بصارت پر نہیں بنتا تو نیا چاند وجود میں نہیں آ سکتا. ابر آلود مطلع کی صورت میں جب مشاہدہ ممکن نہیں ، حضور پاک صل اللہ علیہ والہ وسلم کا حکم تیس دن کرنے کا ہے. اب آپ دیکھ سکتے ہیں کہ سائنس سے بھی یہی معلوم ہوتا ہے کیونکہ اگر ایک بھی آنکھ نے نیا چاند نہیں دیکھا تو نیا چاند نہیں ہوا.

سائنس کے استعمال سے سورج اور چاند گرہن کی بہت اچھے احتمال کے ساتھ پشین گوئی کی جاتی ہے اور اس بنیاد پر لوگ اس کو دیکھنے مخصوص مقامات پر جاتے ہیں لیکن اس پر بھی NASA والے سو فیصد درستگی سے انکار کرتے ہیں. چلیں مان لیا کہ سائنسی ذرائع کے بے دریغ استعمال کے بعد رویت ہلال کا احتمال دنیا کے ہر مقام پر 99 فی صد تک بھی پہنچ سکتا ہے لیکن کسی قسم کی کوئی مساوات (Equations) چاند کو دیکھ نہیں سکتی بلکہ اس کو دیکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے اور اس سے پشین گوئی میں مدد ضرور لینی چاہئے. اگر چاہیں تو بے شک کلینڈر مرتب کر لیں لیکن اگر محکمہ موسمیات یہ پشین گوئی صرف رویت ہلال کمیٹی کو دے تو بہتر ہی ہو گا، کیونکہ عوام الناس میں اعلان سے رویت میں تنازعہ پیدا ہونے کا خدشہ ہو جاتا ہے اگر رویت ہلال کمیٹی کا اعلان محکمہ کی پشین گوئی کے برعکس ہو اور ایک عام آدمی جو کہ یہ سمجھتا ہے کہ سائنس کا جواب حتمی ہے، اس وجہ سے پورے نظام رویت سے بدظن ہو جائے گا. یا پھر اس بات کا اعلان کیلنڈر پر لکھا ہو کہ یہ صرف سائنسی پشین گوئی ہے اور رویت کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہو گا.

سائنس پر انحصار کر کے تنازع کو ختم کرنے کی سعی objective reality کے فلسفہ کی بنیاد پر ہے. سائنس کی پوری عمارت اسی بنیاد پر کھڑی ہے کہ پوری مادی کائنات ایک حقیقت ہے اور وہ نہ ہی ہمارے مشاہدہ یا ہمارے ادراک کی محتاج ہے اور ہم سائنس کی تحقیق کے ذریعے اس کو سمجھ اور اسکے راز عیاں کر سکتے ہیں. نیا چاند نہ بھی دیکھا جا سکے پھر بھی وہ ملک میں ایک ہی رات کو ہو گا (حالانکہ یہ بھی ایک سوالیہ نشان ہے کہ رویت تو پاکستان بننے سے پہلے سے ہو رہی ہے تو نئی جغرافیائی حدود سے رویت کیسے فرق ہو گئی کہ انڈیا کی اپنی عید اور پاکستان کی اپنی). لہٰذا اگر چاند دیکھنے کا احتمال کم ہے لیکن مسجد قاسم علی خان نے رویت کا اعلان کر دیا ہے تو مسجد قاسم علی خان کے عینی شاہد یا تو جھوٹے ہیں یا غلط فہمی کا شکار ہیں اور ان مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم علی خان میں سے ایک لازماً غلط ہے اور اس کا روزہ یا عید بھی درست نہیں. لیکن اسی علاقے میں پہلے کئی عیدیں منائی جاتی رہی ہیں تو کیا ان میں سے صرف ایک صحیح تھی؟ اس سوال کے جواب میں یہی کہا جاتا ہے کہ اب جب سائنس اور مواصلات نے اتنی ترقی کر لی ہے تو پھر غلط عیدوں کو صرف نیت کی درستگی کی بنیاد پر جائز قرار نہیں دیا جا سکتا. دلچسپی کی بات یہ ہے کہ مسجد قاسم علی خان والے باقی ملک کی عید کے غلط ہونے پر اصرار نہیں کرتے اور نہ ہی ضد کرتے ہیں کہ باقی ملک ان کے ساتھ عید منائے، زیادہ مسئلہ باقی ملک کو ہے. کیا دونوں کی عیدیں اللہ تعالیٰ کے نزدیک درست نہیں ہو سکتیں؟ کیا مضائقہ ہو کہ ہم دونوں کو درست مان لیں اور تنازعہ ہی نہ کھڑا کریں. میری رائے میں تو ہم مفتی پوپلزئی اور اس کے ماننے والوں کے بارے میں اسی رعونت اور تکبر کا شکار ہو رہے ہیں جس میں سترہویں صدی کے یورپین اپنی محکوم غیر سفید فام اقوام کے بارے میں مبتلا تھے کہ یہ تو وحشی اور اجڈ ہیں اور ہم ان پر حکومت کر کے زبردستی ان کو انسانیت اور تہزیب سکھائیں گے.

اس سے پہلے کہ آپ شانے اچکا کر اس سوچ کو کہ دونوں کی اپنی اپنی حقیقت یعنی اپنی اپنی عیدیں ہو سکتی ہیں، کو غیر سائنسی قرار دیتے ہوئے صفحہ پلٹ لیں، میں یہ واضح کرتا چلوں کہ بیسویں صدی عیسوی کے آغاز سے فلسفہ objective reality اور کوانٹم فزکس، جس کی بنیاد پر پوری الیکٹرانکس اور کمپیوٹر کھڑے ہیں، آپس میں مطابقت نہیں رکھ پا رہے. مبصر (Observer) کوانٹم فزکس کی ایک بنیادی ضرورت ہے. گو اس نظریہ کا اطلاق بہت چھوٹی سطح پر ہوتا ہے لیکن اس کی ایک تشریح کے مطابق کوئی حقیقت تب تک وجود میں ہی نہیں آتی جب تک اس کا مشاہدہ (observe) نہ کر لیا جائے یعنی کہ حقیقت subjective ہے ہمارے شعور کی. آئن سٹائن Einstein کو اس تشریح سے سخت اختلاف تھا اور اس نے اس کو رد کرنے کے لیے چاند ہی کی دلیل دی کہ چاند اس لیے وجود نہیں رکھتا میں نے اس کا مشاہدہ کر لیا ہے بلکہ وہ اس کے بغیر بھی آسمان پر موجود ہے. اس پر نیل بوہر Neil Bohr نے جواب دیا کہ آئن سٹائن جتنی بھی کوشش کر لے وہ چاند کی موجودگی تب تک ثابت نہیں کر سکتا جب تک اس کا مشاہدہ نہ کر لے.

یہ تشریح لگ بھگ ساٹھ سال تک، ماہرین طبیعیات میں مقبول ترین تشریح تھی اور کوپن ہیگن تشریح کے نام سے جانی جاتی ہے. اسی تشریح کے مطابق تو کائنات بھی وجود میں نہیں آ سکتی تھی جب تک اس کو کوئی مشاہدہ نہ کر لیتا اور چونکہ سب کچھ کائنات کا حصہ ہے لہذا کچھ لوگوں نے یہ کہا کہ یہ مشاہدہ کرنے والا صرف خدا ہی ہو سکتا ہے. گو یہ تشریح غلط نہیں لیکن اب سائنسدانوں نے اس سادہ تشریح کو رد کر کے بہت پیچیدہ تشریحات جیسا کہ سٹرنگ تھیوری String Theory اور ملٹی ورس multiverse یعنی کہ لاتعداد کائناتوں پر اجماع کر لیا ہے کیونکہ ان کا ایک بنیادی فیصلہ ہے کہ خدا کا کوئی وجود نہیں ہے، اور وہ کسی ایسی طرف نہیں جانا چاہتے جہاں پہ یہ امکان پیدا ہو کہ مذہبی لوگ اس کو اپنے دلائل میں استعمال کر سکیں. (جی ہاں! کسی بھی نظریہ یا اس کی تشریح کی قبولیت کے لیے سائنسدانوں کا اجماع ضروری ہے). لیکن حال ہی میں مشہور امریکی یونیورسٹی ایم آئی ٹی کے ایک کامیاب تجربے نے یہ ثابت کیا ہے کہ حقیقت دو مبصروں کیلئے مختلف ہو سکتی ہے. اس تجربے نےکوپن ہیگن تشریح کا پھر سے پلڑا بھاری کر دیا ہے. اب اگر سائنس بھی اس چیز کو ماننے کو تیار ہے کہ دو مبصرین کیلئے (چلیں بہت چھوٹی سطح پر سہی) دو مختلف حقیقتیں ہو سکتی ہیں تو ہمیں کیوں اعتراض ہو کہ دونوں فریقین کی عیدیں اپنے اپنے لئے درست ہو سکتی ہیں. اللہ تعالیٰ کی طاقت و قدرت میں ہمیں کیوں شبہ ہو کہ وہ دونوں کی عیدیں بیک وقت کیوں قبول نہیں کر سکتا.

وزیر صاحب نے مزید کچھ بیانات دیے ہیں کہ قوم کا بہت سرمایہ رویت ہلال پر خرچ ہو رہا ہے اور ‘تعلیم یافتہ’ علما یہ مانتے ہیں کے اجتہاد کے ذریعے اس حکم میں تبدیلی کر کہ رویت کی ضرورت ختم کی جا سکتی ہے اور رویت کے احتمال کی ایک سائنسی سطح مقرر کی جا سکتی ہے. اس طرح نیا چاند کا فیصلہ بہت پہلے کر کے اس مسئلہ سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے. میں اس سلسلے میں صرف یہی عرض کرنا چاہوں گا کہ رویت ہلال اور ملک میں ایک ہی عید نہ ہی مذہبی مسئلہ ہے اور نہ ہی سائنس کا بلکہ اس کا تعلق عمرانیات (Sociology) سے ہے. دنیا گروہوں میں اسی لئے تقسیم ہوئی ہے کیونکہ ایک خیال پر ہر شخص متفق نہیں ہو سکتا. اگر یہ اجتہاد ہو بھی گیاتو اس پر بھی امت شاید کبھی متفق نہ ہو گی اور جس طرح ہر مسلک نماز مختلف طریقوں سے ادا کرتا ہے، مولانا پوپلزئی اور ان کے ماننے والے اپنی عید اپنی مرضی کی رویت سے ادا کرتے رہیں گے. باقی عوام تو موجودہ رویت ہلال کو بھی مان رہی ہے اور اس کے بعد ‘موجودگی ہلال’ کو بھی علما اور سائنس دانوں کے کہنے پر مان لے گی. آیا ریاست طاقت کے زور پر ملک میں ایک ہی عید کروانا چاہے گی یا نہیں تو یقیناً آپ کا جواب طاقت کے استعمال کے خلاف ہو گا کیونکہ جس میں مجبوری آ جائے وہ عید تو نہیں ہو سکتی. میں ذاتی طور پر اس چیز کا قائل ہوں کہ رویت ہونی چاہیے اور بلاشبہ موجودہ رویت ہلال کے نظام کے ذریعے ہونی چاہیے کیونکہ اس نظام نے ملک کی اکثریت کو ایک عید پر متفق کیا ہے (اس سے پہلے تو محلوں اور ایک محلے کی دو مسجدوں میں بھی الگ الگ عید منائی جاتی تھی). جو اخراجات اس پر بتائے جا رہی ہے ہیں وہ تو گورنمنٹ کیلئے رائی کے دانے کے برابر بھی نہیں. رویت ہلال کو رہنے دیجئے کیونکہ رویت میں تجسس ہے جو عید کا مزہ دوبالا کر دیتا ہے. اعلان کا انتظار، اعلان پر مبارکباد کا غلغلہ, پٹاخوں کا چھوڑنا ،ہماری تہذیب، روایت اور بچپن کی یادوں کا حصہ ہے، اور اس طرح رہنے میں کوئی حرج نہیں. کچھ عرصہ کے بعد مولانا پوپلزئی اور مفتی منیب صاحب کے علیحدہ علیحدہ اعلان ہماری یادوں کا حصہ بن جائیں گے اور ان کے بارے میں سوچ ہونٹوں پر مسکراہٹ ہی لائے گی.

اے سی ٹیکنیشنز کی بے ایمانیں اور احتیاطی تدابیر

جب سے سپلٹ اے سی آئے ہیں، بل میں تو شاید بچت ہو جاتی ہو لیکن اگر آپ کو شفٹ کرنا پڑے یا ایک مرتبہ ٹیکنیشن کے ہاتھ لگ جائیں تو پھر گیس بھروا بھروا کر بھی پوری ٹھنڈک نصیب نہیں ہوتی. پوری مارکیٹ عطائی ٹیکنیشنز سے بھری ہوئی ہے جو تین سال کے HVAC کورس کی جگہ یہ تین دن استاد کے ساتھ لگا کر دو نٹ جوڑنا سیکھ کر مارکیٹ میں کمانے نکل پڑے ہیں اور لوگوں کے اے سی کا بیڑہ غرق شروع کر دیتے ہیں. آئیے آپ کو کچھ بنیادی باتوں سے آگاہ کرتے ہیں تاکہ آپ قابل اور نالائق کی پہچان کر سکیں اور ان کے جگاڑ والی مرمت سے اپنے پیسے اور اے سی کو محفوظ رکھ سکیں.

پہلا اصول : اے سی میں گیس کبھی استعمال سے کم یا ختم نہیں ہوتی، لہذا بلا وجہ گیس کی کمی لیکج کی نشانی ہے. گیس بھروانے سے پہلے لیکج چیک کروائیں. لیکج چیک کرنے کے لیے ویکیوم پمپ سے ساری ہوا نکال کر منفی پریشر بنایا جاتا ہے اور دس پندرہ منٹ تک گیج دیکھا جاتا ہے اگر ویکیوم ختم ہونے لگے تو لیکج ہے جس کے لئے پورا اے سی ورکشاپ لے جانا پڑتا ہے اور اسے مائع نائٹروجن سے بھرا جاتا ہے جس کے بلبلے لیکج کی جگہ کا پتا دے دیتے ہیں.اس کے علاوہ گیس لیکج چیک کرنے کے باقاعدہ ڈکٹیٹر detector ملتے ہیں. یہ سکھلائی کا طریقہ ہے. باقی صابن کی جھاگ پھینکنے کے طریقے سب جگاڑ ہیں.

دوسرا اصول : انورٹر اے سی میں نئی گیس آ رہی ہے R410a جو بھرنے سے پہلے اے سی کو خالی کرنا مانگتی ہے. پوری کرنے کی کوشش میں کمپریسر خراب ہو سکتا ہے. بہتر تو یہی ہے کے ہمیشہ اے سی خالی کر کے گیس بھری جائے چاہے پرانی R22 ہو یا نئی R410a. لیکن بہت پرانے اے سی میں اتنا خرچہ کرنے کا شاید فائدہ نہ ہو. بہت اناڑی ٹیکنیشن غلط گیس بھی بھر سکتے ہیں. R22 کی جگہ 410 تو کنڈینسر condenser پھاڑ دے گی لیکن 410 کی جگہ 22 کی کولنگ بہت کم ہو جائے گی اور کچھ ہی دنوں میں کمپریسر بیٹھ جائے گا.

تیسرا اصول : ایک ٹن کے اے سی میں ایک کلو کے لگ بھگ گیس آتی ہے جبکہ ڈیڑھ ٹن میں ایک کلو اور تین سو گرام کے آس پاس آتی ہے. اے سی کے انڈور یونٹ میں پلیٹ پر مقدار درج ہوتی ہے، اس سے اوپر صرف جھوٹ ہے کہ ریٹرن گیس چاہیے ہوتی ہے وغیرہ وغیرہ. اس سے اوپر گیس بھرنے کے دعوے کو تسلیم ہی نہ کریں. مقررہ مقدار سے زیادہ گیس بھری جا سکتی ہے لیکن وہ کولنگ کم اور بل زیادہ کر دیتی ہے اور کمپریسر پر بوجھ ڈالتی ہے. مقررہ مقدار ہی کی گیس ڈلوائیں

چوتھا اصول : اے سی میں گیس خاص پریشر تک بھری جاتی ہے جس کو کمپنی کے مینول میں دیے ہوئے چارٹ سے پڑھنا پڑتا ہے. باہر کے اوسط ٹمپریچر کے حساب سے گیس کا پریشر رکھا جاتا ہے ورنہ اے سی اچھی طرح کام نہیں کرتا اور بل بڑھ جاتا ہے. لہٰذا پریشر گیج تو کم از کم بہت ضروری ہے، جو ٹیکنیشن صرف گیس سلنڈر لے کر آ جائے اور یہ کہے کہ میں suction پائپ پہ ہاتھ رکھ کر صرف ٹھنڈک سے اندازہ لگا سکتا ہوں کہ گیس پوری ہو گئی ہے یا بجلی کا ایمپیر میٹر لگا کر بجلی کھینچنے سے چیک کر لیتا ہوں، اسے تو گھر میں گھسنے ہی نہ دیں.

پانچواں اصول : اے سی میں ہلکی سی ہوا اور نمی کے داخلے سے کمپریسر اور پائپوں میں زنگ لگنا شروع ہو جاتا ہے اور اندر سے برف جمنی شروع ہو جاتی ہے. اس سے نہ صرف بجلی کا بل بیس فیصد تک بڑھ جاتا ہے بلکہ کولنگ واضح طور پر کم ہو جاتی ہے اور کمپریسر تین چار سالوں میں جواب دے جاتا ہے. اس لئے اے سی میں گیس بھرنے سے پہلے ویکیوم پمپ سے ویکیوم بنایا جاتا ہے. اگر ٹیکنیشن ویکیوم پمپ نہ لائے تو اے سی چل تو پڑے گا لیکن ہر مہینے دو سے تین ہزار کی زیادہ بجلی کھائے گا اور تین سے چار سالوں میں جواب دے جائے گا. فیصلہ خود کر لیں.

چھٹا اصول : اے سی کے کاپر پائپ بہت نرم ہوتے ہیں اور پائپ بینڈر Pipe Bender سے موڑے جاتے ہیں ورنہ ان میں باریک سوراخ ہو جاتے ہیں اور ایک ہی سیزن میں گیس نکل جاتی ہے. بغیر پائپ بینڈر کے آنے والے ٹیکنیشن سے انسٹالیشن نہ کروانا بہتر ہے.

ساتواں اصول : ٹیکنیشن کو کہیں کہ سلنڈر کا وزن ناپنے والا سکیل لے کر آئیں اور بھروانے سے پہلے اور بعد کا وزن ناپ لیں جس سے بھری جانے والی گیس کے وزن کا اندازہ ہو جائے گا. باقی سب کہانیاں ہیں کہ ہم ٹیکنیکل لوگ ہیں، ہمارا تجربہ ہے وغیرہ وغیرہ.

آٹھواں اصول : اے سی ریپیر کا ایک بنیادی اوزار ہے جو چار مختلف رنگ کے پائپ اور دو گیج پر مشتمل ہوتا ہے. اسے Guage Manifold گیج مینیفولڈ کہتے ہیں، اس کے بغیر اے سی کی کوئی مرمت نہیں ہو سکتی. دو پائپ اے سی کے ساتھ، ایک سلنڈر کے ساتھ اور ایک ویکیوم پمپ کے ساتھ لگتا ہے. اس سے کم صرف جگاڑ ہے اور اے سی میں نمی یا ہوا لیکج کا رسک لینا ہے. اس کی تصویر آپ گوگل کر سکتے ہیں. اس میں ایک ڈائل بھی ہوتا ہے جس میں کنکٹ کرنے کے بعد بلبلے بننے لگیں تو معلوم ہوتا ہے کہ اے سی میں ہوا اور نمی داخل ہو چکی ہے. اس کی مختلف knobs کو بند اور کھولنے کی ترتیب صحیح گیس بھرنے کو یقینی بناتی ہے.

نواں اصول : مارکیٹ میں مختلف برانڈ کی گیس دستیاب ہیں. اصل میں R410a امریکن Honeywell کمپنی کی بنائی ہوئی ہے اور انہی کی پیٹنٹ patent ہے. یہ آجکل مارکیٹ میں سولہ سے آٹھارہ سو روپے کلو دستیاب ہے. کاغان اور موکا کمپنیوں کی گیس بارہ سو اور چینی گیس اس سے بھی کم پر دستیاب ہے. ہمیشہ Honeywell پر اصرار کریں اور دکان کی رسید دیکھیں. دوسری گیس کی کولنگ کم ہوتی ہے تو بچت بجلی کے زیادہ بل سے ختم ہو جاتی ہے اور کمپریسر کو بھی نقصان پہنچتا ہے

دسواں اصول : سلنڈر ہمیشہ سیدھا رکھ کر گیس بھروائیں اور اگر گیس بیس فیصد سے کم رہ جائے تو ٹیکنیشن کو کہیں کہ پہلے سلنڈر Refill کروا کر آئے ورنہ گیس درست تناسب سے نہیں بھرتی اور کولنگ اور زیادہ بل کے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں. ٹیڑھا کر کے ریزرو گیس مت ڈلوائیں.

یہ تو بنیادی دس اصول ہیں، اس کے علاوہ ہمیشہ ٹیکنیشن کے ساتھ رہیں اور خود بھی گیج کو پڑھیں. وہ اکثر کسی بہانے سے آپ کو اندر کولنگ وغیرہ چیک کرنے کیلئے بھیجنے کی کوشش کرے گا لیکن آپ اسی کو بھجوائیں. پیمنٹ لینے کے بعد یہ تو آپ کا فون بھی اٹینڈ نہیں کریں گے. اگر آپ تنقید کریں گے تو یہ تھیوری کا مذاق اڑائیں گے اور اپنے آپ کو پریکٹیکل کے لوگ قرار دیں گے. یہ درست ہے کہ پریکٹیکل کے بغیر تھیوری بیکار ہے لیکن تھیوری کے بغیر پریکٹیکل خطرناک ہے. انورٹر اے سی روز روز نہیں خریدے جائیں سکتے اور تھوڑی سی توجہ اور احتیاط آپ کو بڑے نقصان سے بچا سکتی ہے

گیس کے ہوشربا بل – جانے کس جرم کی پائی ہے سزا

سوئی گیس کے جیب توڑ ڈالنے والے بلوں کی آمد نے متوسط طبقے کو معاشی تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے. اس کی بنیادی وجہ اوگرا OGRA کا نیا ٹیرف tariff ہے جو گھریلو صارفین کو تھوڑی سی زیادہ گیس استعمال کرنے پر اس کی قیمت کمرشل صارفین سے دگنی لگاتا ہے. پچھلے ٹیرف میں تین سو یونٹ سے زائد پر گیس کا ریٹ 600 روپے فی mmbtu تھا جبکہ کمرشل گیس کا ریٹ سات سو mmbtu تھا. اب تین سو یونٹ سے اوپر اور کمرشل دونوں سات سو اسی ہیں. لیکن گھریلو صارفین چار سو سے زائد استعمال پر چودہ سو ساٹھ روپے فی mmbtu دیں گے جو کمرشل ریٹ سے بھی دگنا ہے. اوگرا کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ گیس اس گھر میں سے لیک ہو گئی ہے، اس گھر میں کتنے نفوس قیام پزیر ہیں (جو کہ غریبوں کے گھر میں جوائنٹ فیملی کی وجہ سے زیادہ ہی ہوتے ہیں) وغیرہ. بس اگر آپ نے تین سو یونٹ خرچ کر دیے تو آپ کمرشل کا ریٹ دیں گے اور اگر تھوڑا ہیٹر یا گیزر سردی کی شدت کی وجہ سے زیادہ چلا بیٹھے تو کمرشل سے تقریباً دگنا ریٹ. اب گھریلو صارفین جانے کس جرم کی سزا پا رہے ہیں کہ انکے لیے گیس کمرشل اور انڈسٹری سے دگنا مہنگی کر دی گئی ہے. گیس ٹیرف بجلی کی طرح نہیں کہ صرف ان یونٹوں پر مہنگا ریٹ لگے جو ایک حد مقررہ سے اوپر ہوں بلکہ نیا ریٹ پہلے یونٹ سے لگایا جاتا ہے جس کی وجہ سے عملی طور پر 301 واں یونٹ سات ہزار اور 401 واں یونٹ تقریباً دس ہزار کا پڑتا ہے. اس لئے صارفین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے میٹر پر نظر رکھیں اور اسے تیس دن میں تین سو سے ہرگز کراس نہ کرنے دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بل چار ہزار تک آئے.

لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ خالی میٹر دیکھنا کافی نہیں کیونکہ گیس کمپنیاں اس ریٹ پر بھی خوش نہیں اور انہوں نے ایک دو نمبر طریقہ پریشر فیکٹر pressure factor کے نام کا بھی رکھا ہوا ہے جس سے وہ میٹر کے یونٹوں میں پندرہ فیصد تک اضافہ کر دیتے ہیں تو بھلے آپ دو سو ننانوے پر یونٹ روک کر خوش ہو رہے ہوں لیکن بل پر کمپنی ایک پرسرار سی رقم کو میٹر کے یونٹوں سے ضرب دیکر اسے تین سو بیس یا زیادہ میں بدل دے گی اور آپ کا بل چار سے گیارہ ہزار ہو جائے گا.

یہ پریشر فیکٹر کیا ہے اور اس کی اجازت ان گیس کمپنیوں کو کیوں ہوتی ہے اور اس کا تعین کیسے کیا جاتا ہے، ایک ٹیکنیکل مسئلہ ہے جو میں کوشش کرتا ہوں کہ آسان الفاظ میں بتا سکوں. دراصل گیس اپنی حرارت کی بنیاد پر بیچی جاتی ہے لیکن ایسے میٹر جو گزرتی گیس کی حرارت ماپ لیں بہت مہنگے ہوتے ہیں اور گھروں اور چھوٹے کاروباری یونٹوں میں استعمال نہیں کیے جا سکتے. یہاں پر حجم ماپنے والے میٹر استعمال ہوتے ہیں اور ایک فارمولے کی مدد سے میٹر کے یونٹوں کو گیس کی حرارت میں بدل کر بل بنایا جاتا ہے. حجم hm3 یعنی کہ ہیکٹومیٹر کیوب میں ناپا جاتا ہے اور حرارت mmbtu میں. گیس کی حجم سے حرارت میں تبدیلی کا فارمولا استعمال کرنے کیلئے گیس کا پریشر 14.65 پونڈ ہونا چاہیے اور درجہ حرارت پنرہ ڈگری سینٹی گریڈ. اس پریشر کو گیس انڈسٹری کی زبان میں بیس base پریشر کہا جاتا ہے.

یہاں پر ایک ٹیکنیکل مسئلہ آ جاتا ہے کہ گیس کا حجم درجہ حرارت اور پریشر سے بڑھتا یا کم ہوتا ہے. گھریلو میٹر درجہ حرارت کی تبدیلی کو تو کنٹرول کر لیتے ہیں لیکن ان کی پیمائش گیس کے پریشر کے ساتھ بدلتی ہے. لہذا میٹر کے نیچے ایک ریگولیٹر لگایا جاتا ہے جسے ایک خاص پریشر جو کہ گھروں میں عموماً ہوا کے دباؤ سے چوتھائی پونڈ زیادہ ہوتا ہے، پر سیٹ رکھا جاتا ہے. اس پریشر (ریگولیٹر + ہوا کا دباؤ) کا جو تناسب Base پریشر سے بنتا ہے، پریشر فیکٹر کہتے ہیں اور میٹر کے ناپے ہوئے یونٹس کو پریشر فیکٹر سے ضرب دینے پر وہ حجم مل جاتا ہے جس پر فارمولا لگا کر گیس کی استعمال شدہ حرارت مل جاتی ہے جس پر ٹیرف ریٹ لگایا جاتا ہے.

اب یہ فیکٹر گھریلو صارفین کیلئے تو صرف کراچی یا اسکے نزدیک جہاں ہوا کا دباؤ Base پریشر جتنا ہوتا ہے وہاں پر ایک سے زیادہ ہوتا ہے ورنہ جوں جوں سطح سمندر سے بلندی میں اضافہ ہوتا ہے، ہوا کے دباؤ میں کمی کی وجہ سے پہلے ایک اور پھر ایک سے بھی نیچے گر جاتا ہے. میری کیلکولیشن کے مطابق لاہور تک تو یہ ایک تک پہنچے گا (یعنی کہ جو یونٹ میٹر پہ ہیں انہی پر فارمولا لگے گا) اور پنڈی اسلام آباد میں 0.96 ہو جائے گا (یعنی کی میٹر کے ناپے ہوئے ہو سو یونٹ میں سے چار کم ہو جائیں گے). لیکن سوئی گیس والے ریگولیٹر پریشر کی ویلیو 1.6 پونڈ تک دکھاتے ہیں (اپنا بل اٹھائیں، سوئی نادرن کے بل میں میٹر ریڈنگ کے نیچے pres. / factor لکھا ہوتا ہے جبکہ سوئی سدرن کے بل میں pcf لکھا ہوتا ہے) جو کہ ان گھریلو ریگولیٹر میں لگ ہی نہیں سکتا اور ہوا کا دباؤ وہ فیکٹر یا pcf کی کیلکولیشن میں کراچی کا رکھتے ہیں. اس سے کم از کم راولپنڈی میں وہ ہر سو یونٹ پر چار کم کرنے کی بجائے سات آٹھ کا اضافہ کر دیتے ہیں. یوں آپ تو مستعدی کے ساتھ میٹر تین سو سے شاید نیچے رکھ کر چار ہزار بل کی امید کر رہے ہوں لیکن سوئی گیس والے اسے تین سو پندرہ بنا کر گیارہ ہزار کا بل بھیج دیں گے. یہی مسئلہ اگر چار سو کے نزدیک پیش آئے تو بل پندرہ سے بڑھ کر چھبیس ہزار ہو جائے گا. مری میں تو یہ فیکٹر 0.78 تک گر جانا چاہئے، وہاں پر سوئی گیس والے گھریلو صارفین کو فیکٹر ایک لگا کر شاید احسان کر رہے ہیں لیکن درحقیقت وہ تقریباً بیس فیصد یونٹ ہوا کا غلط دباؤ دکھا کر پہلے ہی زیادہ لگا رہے ہیں اور وہ چونکہ صارفین کو بیس فیصد سے زیادہ لُُوٹنا نہیں چاہتے اس لیے یہ شاید یہ مہربانی کر رہے ہیں. مری کے ایک ریسٹورنٹ کے بل کا میں نے جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ چون ہزار کے بل میں ساڑھے سات ہزار زیادہ ہیں اگر ریگولیٹر پریشر وہی تسلیم کر لیا جائے جو بل پر کئی سال پہلے کے سروے کا درج ہے.

بات یہاں پر ہی ختم نہیں ہو جاتی بلکہ جو فارمولا حجم کو حرارت میں تبدیل کرتا ہے، وہ ایک اور رقم گراس کیلوریفک ویلیو (Gross Calorific Value) پر منحصر ہوتا ہے. اب سوئی گیس والے میٹر کی تو بڑے شوق سے تصویر لگا کر دکھاتے ہیں کہ وہ بڑی دیانتداری سے بل بناتے ہیں لیکن یہ ویلیو کہاں، کب اور کیسے چیک کی جاتی ہے، کوئی نہیں بتاتا. اوگرا کے حکم کے مطابق یہ ویلیو اور وبے انڈیکس(Wobbe Index) بل پر درج ہونا چاہیے لیکن یہ کہاں سے آئے، بل اس پر خاموش ہے. یہ ویلیو ویسے تو سیلز میڑ سٹیشن sales meter station پر نصب آلات سے نوٹ کی جاتی ہے لیکن اس کو نوٹ کمپنی کی بجائے اوگرا یا علاقہ صارفین کی کمیٹی کو کرنا چاہیے. یہ تو ایسا ہی ہوا کہ صارف اپنا میٹر خود چیک کر کے سوئی گیس کو بتا دے اور میٹر زیرو کر دے. ستم در ستم یہ کہ ان کمپنیوں کا اس سے بھی دل نہیں بھرتا اور جاتے جاتے فارمولے میں ایک مکعب فٹ کی ہیکٹومیٹر تبدیلی میں 283 کی جگہ 281 لگاتے ہیں (پتہ نہیں کہاں سے انجینئرنگ کی ہے ان لوگوں نے) تاکہ تھوڑا بہت اور بھی صارفین سے نکال لیں. یہ ناپ تول میں کمی کرنے کی ماڈرن دور کی مثالیں ہیں .

آپ ملاحظہ کر سکتے ہیں کہ انڈسٹریل صارفین تو اچھے میٹر لگاتے ہیں اور گیس کمپنیاں ان کے ساتھ چکر نہیں چلا سکتیں (گو ان کو اپنی شکایات ہیں، سُپر کمپریشن فیکٹر اور گراس کیلوریفیک ویلیو کی) لیکن غریب گھریلو صارفین ان کی چیرہ دستیوں کا شکار بن جاتے ہیں. ایک طرف اوگرا گھریلو صارفین کو چودہ سو اسی روپے میں گیس فروخت کر رہی ہے دوسری طرف انڈسٹری کے بڑے کھاد بنانے والے مافیا کسانوں کے نام پر ایک سو نوے روپے یعنی گھریلو صارفین سے آٹھ گنا سستی گیس خرید رہے ہیں اور پھر بھی مہنگی کھاد تیار کر رہے ہیں کہ کسانوں کے منہ پر صرف کھاد کی قیمت کی شکایت ہوتی ہے . سب سے زیادہ بڑا گیس کسٹمر تو یہ کھاد مافیا ہے ورنہ ان کو اتنی سستی گیس بیچ کر بیرون ملک سے مہنگی LNG خریدنے کی کیا ضرورت ہے؟ اس سے بہتر ہے کہ یہ فیکٹریاں بند کر دی جائیں اور LNG کی بجائے ڈائریکٹ کھاد درآمد کر لیں، شاید فائدہ ہی میں رہیں گے سواٹے لمبی تنخواہیں وصول کرنے والے کھاد مافیا اور LNG ٹرمینل کے افسران اور کھاد مافیا کے سرمایہ دار.

درحقیقت یہ سب آپس میں غریبوں کے خلاف ملے ہوئے ہیں. اوگرا کی مدد سے سوئی گیس کمپنیاں اپنی چوری اور ناقص تنصیبات کی وجہ سے لیک شدہ گیس کے پیسے، گھریلو صارفین سے وصول کر رہی ہیں. گمشدہ گیس کا اوگرا کے کہنے پر ایک آڈٹ 2017 میں کیا گیا جس میں یہ انکشاف ہوا کہ ایک سوئی گیس کے پائپوں میں ہر کلومیٹر میں اوسطا تین جگہ لیکج ہے. اب یہ ساری گیس لیک ہو کر گلوبل وارمنگ میں بھی اضافہ کر رہی ہے اور سوئی گیس کمپنیاں بجائے اپنا نیٹ ورک ٹھیک کرنے کے، دو نمبر ٹیرف اور پریشر فیکٹر کے غلط استعمال سے اس کی قیمت صارفین سے وصول کر رہے ہیں. سردیوں میں پریشر 0.25 پونڈ سے بھی گر جاتا ہے اور چولہے بھی مشکل سے جلتے ہیں لیکن بل پہلے سے زیادہ بڑھ جاتے ہیں. پریشر گرنے کی صورت میں صارفین کو دوگنا تکلیف ہوتی ہے. ایک تو میٹر تیز ہو جاتا ہے (کیونکہ فیکٹر تبدیل نہیں کیا جاتا اور گیس پھیل کر حجم میں بڑھ جاتی ہے) اور گیس بھی نہیں آتی. کیا کوئی اس چوری اور سینہ زوری پر سؤموٹو نوٹس لے گا؟ ہے کوئی عوام کا دوست؟

زیر سطر
فیکٹر کا فارمولا یہ ہے
بیس پریشر / (ریگولیٹر پریشر + ہوا کا دباؤ)
راولپنڈی میں ہوا کا دباو 13.8 ہے اور 0.25 ریگولیٹر پریشر. ٹوٹل 14.05. اسے بیس پریشر 14.65 پر تقسیم کریں تو جواب 0.96 آتا ہے. اب میرے بل پر ایک رقم پریشر / فیکٹر یوں تحریر ہے. 1.2 / 1.0819. یہ رقم سوئی گیس والوں نے 1.2 کو 14.65 میں جمع کر کے 14.65 سے ہی تقسیم کر کے نکالی ہے. لہٰذا سوئی گیس والے دو طرف سے چکر دے رہے ہیں، پنڈی میں کراچی کا ہوا کا دباؤ (جو تقریباً 0.85 پونڈ زیادہ ہے) اور گھر کے ریگولیٹر پر 0.25 کی جگہ 1.2 (تقریباً ایک پونڈ زیادہ) . تو میرے 292 یونٹ 1.0819 سے ضرب کھا کر 312 بن کر چار سے گیارہ ہزار کا بل بنا دیتے ہیں. (آپ اپنا بل دیکھیں اور اپنا پریشر اور فیکٹر چیک کر کے اندازہ لگائیں کہ آپ کتنا زیادہ بل بھر رہے ہیں) .

Ration the Energy

Pakistan energy crisis is not going to end very soon. No matter how much we lament Zardari or any other future government, it is bound to stay with us for a very long time. The consumption boom fueled by Shaukat Aziz government led to a radical change in lifestyle of common Pakistani and coupled with corruption ridden mismanagement of PPP government, we are suffering the result in form of this energy crisis.

At the heart of this crisis is issue of balance of payments. Pakistan has enough installed capacity to generate required electricity. But it does not have enough foreign currency to purchase the fuels. Moreover it does not have the guts to tell people about it and keeps on lamenting past governments and making more money in name of RPPs to solve this crisis. A common Pakistani is confused that once he is ready to pay the bill, why government can’t buy fuel from his money. He cannot understand that government has printed tons of currency to distribute amongst masses for keeping the economy afloat but we simply cannot buy US Dollars from rupees. Dollars come in Pakistan either through remittances or exports. We simply do not have enough of them to cover our fuel costs. We are clearly living beyond our means.

It is time that government should start thinking about reduction in demand of energy as the cornerstone of its policy rather than supply side. ADB report on rental power project clearly identifies that better and cheaper options are available to Pakistan in tems of reduction of demand but because of being less glamorous and hard to communicate to masses, they are not being pursued. Reduction in line lossess is the first project WAPDA should embark on rather than blowing the trumpet of Kalabagh Dam which has now forever been damned due to its bad stakeholder management. As a secondary effort would be to switch the dependencies to renewable alternatives but clearly the dependency for baseload will stay on fossil fuels for a considerable period of time.

However, none of these efforts can completely eliminate the energy shortage and government should start building towards the inevitable imperative i.e. “Rationing”. It is clear that peace time public policy tools will not solve the energy shortage and we have to go on war footings to bring it back to balance. Energy rationing should be devised by government in consultation with experts in energy and economists to allow equitable distribution of resources. Currently we are in a zero sum game. Without any maximum quota, we try to consume as much energy as we can afford. All of us switch on ACs that burdens the whole network and brings it down; resultantly no one is able to use them continously. Better option would be to stop ACs altogether so that at least everyone can have constant running fans.  With shortage on one hand and excessive consumption on other, none enjoys the fruit. Energy is no more a public good which can be consumed as much as possible. To ensure that everyone gets a decent amount of energy share, electricity needs to be rationed. I leave it to experts to suggest how to do that.

Rationing also need to expand to fuel and gas because we either do not have them or do not have the money to buy them either. As I mentioned earlier that merely paying rupees at petrol station does not mean that government can use them to buy petrol from Saudi Arabia. There are many methods to introduce rationing and any or a combination of many can be utilized to achieve that. Some people will bypass and consume more but it will certainly bring consumption down to controllable limits. Weakness of our government is evident from the fact that it does not have dollars to buy fuel for power plants to supply uninterrupted electricity but it is helpless at people buying diesel for generators to produce their own electricity in an unefficient way. It does not have gas to fire turbines to produce electriicity but cannot stop people from using gas to generate electricity in their own homes. With the speed at which people are buring gas to produce their own electricity, government will have to ration gas as well very soon.

Morever the government needs to ban all those fancy imported stuff which is filling the cabinets of our superstores and whose substitute is available in local market. We do not need tooth pastes made in Malaysia once we are producing it ourselves. The foreign currency need not be wasted on unessential luxuries for a selected few once many else do not have access to basic necessities. Definitely taxes on energy and import duties are the major source of revenue to government but this dependence has played havoc with our overall economy. It’s high time we diversify our sources of revenue and check on these trends or we will continue to suffer for a very long time

Thar Coal: Myth or Reality

Thar coal is fast getting near mythical status in Pakistan. There are tall claims of 50k MW of electricity for next 50 years and cheapest possible electricity, gas and diesel. Dr Samar Mubarakmand seems to be on the offensive, appearing at every talk show propagating claims of Thar coal solving all of Pakistan’s energy problems. Listening to him gives an impression that we all will get free electricity for rest of our lives. All the hype being generated on media is towards getting more and more funding for a pilot project being run by Dr Samar and his cohorts.

Dr Samar is not naïve to know which projects are worth pursuing and which are not. He is member of planning commission and very well knows the appraisal process for large projects. He seems to give an impression on talk shows that government needs to fund his scientific efforts to save this wealth being plundered by multi-national corporations. My question to him is simple: Do you take accountability of failing to achieve your tall claims?

Mega Engineering Projects are not technical challenges only; they are political and financial challenges first. Stakeholder management is the first requirement and without it, no project can move forward. Classic example is of Kalabagh Dam. The crude way with which the project was forced forward despite concerns of various parties ensured that it will never see the light of the day. Similar efforts seem a foot on Thar coal as well with souring relations between federation and Sindh. Even if we somehow smother the differences between the two, Pakistan simply does not have the expertise to extract this coal from ground. If we try to learn it (what Dr Samar is doing), we will end up paying far more than we should. Moreover we might not need this expertise after thar coal project is complete. That is why, except state owned mining corporations of Russia (hardly a role model), mining is a private sector business that develops expertise in field once and then applies it all over the world. A government’s job is not to mine itself but to generate a competitive tension among prospective bidders to get the best commercial outcome. May it be Australia or Peru, mining should be best left to miners. Rather than focusing our efforts on learning it, we must focus our efforts in getting the best commercial deal. Try doing it ourselves and we will surely end up paying far more than we should. I wil give an example to illustrate my point. Most of us own a car. Do we all leave other stuff in life and devote the time to learning for repairing it?  In most of the cases no; because it is not worth it. In some cases it may be, but that requires a careful appraisal of all the options. In my view, Dr Samar is simply jumping to DIY option without having done any critical appraisal. If those appraisals are done, then he should show those appraisals to public rather than just big claims.

There is another question asked that given the high risk environment, who will come to invest in Pakistan? This is a very valid observation. But that very same risk will hold good for government as well, because after all it will have to raise money from same international lenders for that project. They will either refuse to finance or charge a very high premium because of high risk of investment in Pakistan. We are still struggling to finance Bhasha Dam for very same purpose. Even if a small pilot project of Dr Samar Mubarak generates some gas and diesel from thar coal, who will ascertain that it is being done economically? Dr Samar has been giving the impression that it is a technical challenge but I am afraid that it is not. The technology exists. The question to ask is that whether it will be economical to do so in case of Thar Coal?

This question can only be answered by conducting a detailed feasibility study for Thar Coal Project through expert engineering houses. That study will demonstrate the commercial potential of Thar coal. The study will also recommend the best project delivery mechanism for Thar Coal; should it be pursued in house or should it be delivered via Public-Private Partnership. A government’s aim is to find the mechanism which will give maximum “value for money”. Without such a detailed study, what Dr Samar is saying on media are mere conjectures and through them, he is merely exploiting the frustration and desperation of common person on the prevalent energy crisis for his own personal agenda.Image

Create your own website, free on WordPress.com.Create your own website.
Start free